بگٹی قتل کیس‘ مشرف کی میڈیکل رپورٹ مسترد‘24 فروری کو ہر صورت پیش ہوں: خصوصی عدالت کوئٹہ
کوئٹہ (ثناء نیوز+ایجنسیاں) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اکبر خان بگٹی قتل کیس میں پرویز مشرف کی جانب سے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مشرف کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کی ہے جبکہ عدالت نے سابق وزیر داخلہ آفتاب شیرپائو اور سابق صوبائی وزیر داخلہ شعیب نوشیروانی کی قبل از گرفتاری کے حوالہ سے دائر درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیرپائو اور صوبائی وزیر داخلہ نواب شعیب نوشیروانی کی ضمانت قبل از گرفتاری کے لئے دائر درخواستوں پر بحث ہوئی۔ آفتاب شیرپائو کے وکیل کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ کا اب تک تعین نہیں ہوا اور نہ ہی ایسے گواہ پیش کئے گئے ہیں کہ جنہوں نے واقعہ کے بارے میں واضح گواہی دی ہو۔ عدالت نے دونوں درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو آئندہ سماعت پر 24 فروری کو سنایا جائے گا جبکہ سابق صدر پرویز مشرف کی عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی درخواست پر بحث آئندہ سماعت پر ہو گی پرویز مشرف کے عدالت میں پیش کئے جانے سے متعلق پروڈکشن آرڈر بھی گزشتہ سماعت پر جاری کئے گئے تھے اس پر بھی پولیس کی جانب سے عدالت میں جواب داخل کرایا گیا عدالت نے پرویز مشرف کی جانب سے حاضری سے طبی بنیاد پر استثنیٰ کی درخواست پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پرویزمشرف کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر 24 فروری کو عدالت میں پیش کیا جائے۔