سینما دھماکے: خفیہ ہاتھ ملوث، تیسری قوت امن عمل متاثر کرنا چاہتی ہے: پرویز خٹک
پشاور (اے این این) خیبر پی کے کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے طالبان کا سینما دھماکے سے لاتعلقی سے پتہ چلتا ہے، دہشت گردی میں خفیہ ہاتھ ملوث ہیں۔ کوئی تیسری قوت امن عمل کو سبوتاژ کرناچاہتی ہے جس کا ہمیں کھوج لگانا ہو گا۔ سنیما گھر میں بم دھماکوں کی پولیس اور انتظامیہ کی سطح پر الگ الگ انکوائری کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے طالبان کی طرف سے اس انسانیت کش واقعہ سے لاتعلقی کے اعلان کے بعد واضح ہو گیا کہ دہشت گردی کے ان افسوسناک واقعات میں خفیہ ہاتھ اور تیسری قوت کے طور پرملک و قوم دشمن عناصر ملوث ہیں جن کا کھوج لگانا ضروری ہے۔ ایک بیان میں اُنہوں نے واضح کیا ملکی تاریخ کے موجودہ نازک مرحلے پر جبکہ حکومت اور طالبان کے مابین امن مذاکرات انتہائی سنجیدہ موڑ پرآگئے ہیں۔ اس طرح کی دہشت گردی امن مخالف اور ملک و قوم دشمن قوتیں ہی کر سکتی ہیں تاکہ امن مذاکرات شروع ہونے سے پہلے ہی ناکام ہوجائیں مگر ایسا نہیں ہونے دیا جائے گا کیونکہ پاکستانی قوم باشعور ہے۔