• news

گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں پولیس مقابلے، 2 کانسٹیبل جاں بحق، 2 ڈاکو بھی مارے گئے

گوجرانوالہ+ سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں پولیس مقابلے، 2کانسٹیبل جاں بحق 2 ڈاکو بھی مارے گئے ایک فرار ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق باغبانپورہ میں لوٹ مار کرنے والے ڈاکوئوں نے پولیس مقابلے کے دوران کانسٹیبل کو فائرنگ کرکے شہید کردیا جبکہ قاتل ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ باغبانپورہ چوک کے قریب ڈاکو ناکہ لگا کر لوٹ مار کررہے تھے باغبانپورہ پولیس کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ ڈاکوئوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں کانسٹیبل شہباز گولی کی زد میں آکر موقع پر ہی شہید ہوگیا۔ پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی مگر دونوں  ڈاکو وہاں سے فائرنگ کرتے ہوئے موٹر سائیکل پر فرار ہو جانے میں کامیاب ہوگئے۔ شہید اہلکار شہباز کی پوسٹمارٹم کے بعد پولیس لائن میں نماز جنازہ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں کمشنر خواجہ شمائل، ریجنل پولیس آفیسر سعد اختر بھروانہ، سٹی پولیس آفیسر راجہ رفعت مختار، ایس  ایس پی انویسٹی گیشن سید فرید علی، ایس پی صدر رانا جاوید اقبال، ایس پی سٹی محمد سلیم صادق، چیف ٹریفک آفیسر محمد قاسم خاں و دیگر پولیس افسران کے علاوہ ہر مکتبہ فکر کے سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کی گئی۔ پولیس کے چاق و چابند مسلح دستے نے شہید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سلامی دی۔ اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر راجہ رفعت مختار نے شہید کے ورثاء میڈیا نمائندوں اور لوگوں کی کثیر تعداد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا خوش نصیب ہیں وہ لوگ جن کو اللہ تعالیٰ اپنی راہ میں پسند کرتا ہے۔ ریجنل پولیس آفیسر سعد اختر بھروانہ نے کہا ملزمان کی گرفتاری کے لئے سٹی پولیس آفیسر راجہ رفعت مختار کی سربراہی میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن سید فرید علی اور ایس پی سٹی محمد سلیم صادق کی زیر نگرانی پیشہ ورانہ مہارت کے حامل پولیس افسران پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں تھانہ حاجی پورہ کے علاقہ بوگڑھا میں ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلہ میں 35 سالہ پولیس کانسٹیبل شہید جبکہ ڈاکو بھی مارے گئے۔ ڈی پی او سیالکوٹ محمد گوہر نفیس نے بتایا تین مسلح ڈاکو ایک شہری سے نقدی لوٹ کر فرارہو رہے تھے حاجی پورہ تھانہ کی یو سی سکواڈ کے کانسٹیبل قیصر محمود نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکوؤں کا تعاقب کرکے انہیں روکنے کی کوشش کی تو ڈاکوؤں نے سیدھی فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجہ میں قیصر محمود موقع پر ہی شہید ہوگیا۔ اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری نے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا تو ڈاکوؤں نے ان پر بھی فائرنگ کر دی جس کے جواب میں پولیس اہلکاروں نے بھی فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں دو ڈاکو امتیاز اور شہباز مارے گئے جبکہ ایک ڈاکو بلاول فرار ہوگیا جس کو پولیس تلاش کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن