عمران خان طالبان مذاکراتی ٹیم کا حصہ بنتے تو زیادہ بہتر ہوتا: آفتاب شیرپائو
کوئٹہ + اسلام آباد (آئی این پی) قومی وطن پارٹی کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا ہے کہ چند روز قبل مذاکراتی عمل کی قیادت کرنے کے دعوے کرنے والے عمران خان اب طالبان مذاکراتی ٹیم کا حصہ بننے سے کیوں بھاگ رہے ہیں‘ مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے کیلئے عمران خان ٹیم کا حصہ بنتے تو زیادہ بہتر تھا۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا طالبان کی جانب سے مذاکراتی ٹیم کا اعلان انتہائی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکراتی ٹیم کا حصہ نہ بننا تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا فیصلہ ہے تاہم اگر عمران خان مذاکراتی عمل میں شامل ہوجاتے تو زیادہ بہتر تھا۔ آفتاب احمد شیر پائو نے کہا ہے کہ ہم ملک میں امن چاہتے ہیں اگرطالبان کا مسئلہ مذاکرات سے حل ہوسکتا ہے تو اس سے اچھی کو ئی بات نہیں، گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت ون کوئٹہ میں پیشی کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے طالبان سے مذاکرات کے لئے جو کمیٹی تشکیل دی ہے اسے پارلیمنٹ میں سب نے سراہا ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طا لبان نے جن لوگوں کو اپنی کمیٹی کیلئے نامزد کیا ہے ان کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔