عدلیہ سمیت کوئی ادارہ آئین سے ماورا نہیں‘ مضبوط عدالتی نظام جمہوریت کا ضامن ہے: جسٹس تصدق
اسلام آباد (آئی این پی) چیف جسٹس تصدق حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردی، فرقہ واریت، ماورائے آئین قتل سمیت امن و امان کی ناقص صورتحال کی وجہ سے پورا معاشرہ بد امنی کا شکار ہے، نائن الیون کے واقعے کے بعد سیکیورٹی خدشات کے باعث دنیا بھر کی حکومتیں پریشانی کا شکار ہیں، مضبوط عدالتی نظام جمہوریت کا ضامن ہے، آئین پاکستان نے عدلیہ سمیت تمام ستونوں کی حدود مقرر کر دی ہیں، ماضی میں چند افراد نے جمہوریت کو ذاتی مفاد کے لئے استعمال کیا، عدلیہ سمیت کوئی ادارہ آئین سے ماورا نہیں ہے۔ وہ پیر کو مقامی ہوٹل میں سپریم کورٹ بار کی جانب سے اپنے اعزاز میں عشائیے سے خطاب کر رہے تھے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ بار اور بینچ کا قانون کی بالادستی میں اہم کردار ہوتا ہے۔ قانون کی حکمرانی اور عوام کو ان کے حقوق اور انصاف کی فراہمی کے لئے بار کا مضبوط ہونا انتہائی ضروری ہے۔ وکلاء بار نے عدلیہ و جمہوریت کی آزادی کی تحریکوں میں اہم کردار ادا کیا۔ تمام ادارے عوام کے حقوق کے تحفظ ، اداروں کے احتساب اور ملک میں انصاف کی فراہمی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کے لئے مل جل کر اپنا کر دار ادا کرنا چاہیے۔