ادویات از خود مہنگی نہیں ہوسکتیں، ارکان اسمبلی قیمتوں کا جائزہ لیں، کارروائی ہوگی: وزیر مملکت
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے ادویات کی قیمتوں کو ان کی رجسٹرڈ قیمتوں پر برقرار رکھنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی منظوری کے بغیر کوئی بھی کمپنی اپنی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کر سکتی، جو کمپنیاں خلاف قانون قیمتیں بڑھا رہی ہیں ان کیخلاف کارروائی کرینگے۔ قومی اسمبلی میں نگہت پروین میر کے دوا ساز کمپنیوں کی جانب سے اپنے طور پر ادویات کی قیمتوں میں اضافہ سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو 105 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی شکایات موصول ہوئیں۔ 17کمپنیوں کیخلاف کارروائی کی تو انہوں نے عدالت سے رجوع کر لیا۔ نگہت پروین، شاہین شفیق، پروین مسعود بھٹی اور شہناز سلیم کے سوالات کے جواب میں سائرہ افضل تارڑ نے کہا صوبوں کی ذمہ داری ہے ادویات کی قیمتوں کی نگرانی کرے۔ ارکان اسمبلی کو بھی چاہئے وہ اپنے اپنے علاقوں میں جائیں اور ادویات کی قیمتوں کا جائزہ لے کر ہمیں بتائیں تاکہ ہم کارروائی کر سکیں۔ اے پی پی کے مطابق قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے نیو اسلام آباد ایئر پورٹ 2016ء میں مکمل کر لیا جائے گا جبکہ اس کی تعمیر میں پائی جانے والی بے ضابطگیوں کی تحقیقات ایف آئی اے کر رہی ہے جس کی رپورٹ مکمل ہونے پر جلد ہی نیب کو بھجوا دی جائے گی۔ شیخ روحیل اصغر کے سوال کے جواب میں شیخ آفتاب احمد نے بتایا حکومت نے پی آئی اے کو 16 ارب روپے کا خصوصی پیکیج دیا ہے جس سے اس کے طیارے مرمت ہونگے۔ ڈاکٹر عارف علوی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائر پورٹ کی صفائی ستھرائی کے معاملات بالکل درست ہیں۔ قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ بلوچستان اور کراچی میں بائیو میٹرک سسٹم کے تحت موبائل فون سموں کا اجراء شروع کر دیا گیا ہے جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں جلد ہی اس نظام کا اطلاق ہونے سے غیر قانونی سموں کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے گی، رواں سال کے آخر تک تمام غیر قانونی سمیں بند کر دی جائیں گی۔ آئی این پی کے مطابق قومی اسمبلی کو حکومت نے بتایا ہے آڈیٹر جنرل کی آڈٹ رپورٹ میں پاکستان ریلویز میں گذشتہ حکومت کے آخری مالی سال2012-13ء کے دوران 30 ارب روپے سے زائد کی مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی‘ بلوچستان میں اجتماعی قبر کی دریافت کی تحقیقات جاری ہیں ، تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے پر ایوان میں پیش کی جائے گی‘ حکومت پنجاب نے صوبے میں 75 ریلوے کراسنگ پوائنٹس کی تعمیر کیلئے وزارت ریلوے کو 63 کروڑ روپے فراہم کردیئے ہیں دیگر صوبوں کے فنڈز فراہم کرنے سے کراسنگ پوائنٹس کی تعمیر سے پھاٹکوں پر حادثات اور جانی نقصان سے بچا جاسکے گا، وقفہ سوالات میں ارکان کے سوالوں کے جواب وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق‘ وزیر مملکت برائے کابینہ ڈویژن شیخ آفتاب‘ پارلیمانی سیکرٹری کابینہ ڈویژن راجہ جاوید اخلاص‘ پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہنواز رانجھا نے دئیے۔ وفاقی وزیرپارلیمانی امور شیخ آفتاب نے کو بتایا ہے گزشتہ چار برسوں کے دوران پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کی مددسے ایف آئی اے نے ملک بھر میں 121چھاپے مار کر تقریباً 82 کروڑ روپے یو ایس ایڈ فنڈ کی بچت کی۔ وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہاہے ریلوے کی پسنجر اورفریٹ ٹرینوں میں توازن لائیں گے ریلوے پٹریوں کی مرمت کیلئے جدید مشینری کاآرڈر دیدیا، تاخیر پر کارروائی ہو گی۔ آن لائن کے مطابق وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، اراکان اسمبلی سمیت قانون سب کیلئے یکساں ہے، روات کے قریب نئے ائرپورٹ کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں۔