سندھ کو پاکستان کے نام پر پنجاب کا غلام بنا دیا گیا: جسقم
جیکب آباد (آئی این پی) جسقم چیئرمین صنعان قریشی نے کہا ہے کہ سندھ کو پاکستان کے نام پر پنجاب کا غلام بنایا گیا، نواز شریف نے تھر میں آکر کوئلے کی کان کا افتتاح کرکے وفاق کے قبضے میں لیا، تھر کے کوئلے کو وفاق کے حوالے کرنے میں ہمارے اپنوں کا ہاتھ ہے جنہوں نے نواز شریف کو بلا کر استقبال کیا وہ سندھ اور سندھیوں کے خیر خواہ نہیں۔ وہ پیر کو جیکب آباد کے حبیب چوک پر جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔، انہوں نے کہا کہ بلوچ اس لئے لڑرہے ہیں کہ ان کی ملکیت پر قبضہ کیا گیا۔ تھر کا کوئلہ اگر نکال کر سندھ کے ہر ایک باشندے کو دیا جائے تو وہ ایک کروڑ پچیس لاکھ رقم کا مالک بن سکتا ہے، پھر سندھ میں کوئی غریب نہ رہے گا، اب سندھ کا کوئلہ بھی پنجاب کے حوالے کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کو اب باشعور ہوکر اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کرنی ہو گی، 23 مار چ کو سندھ کے عوام کراچی میں جمع ہوکر یہ ثابت کریں کہ سندھ سندھیوں کا ہے کسی کی جاگیر نہیں۔ دریں اثناء جیکب آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے ایوانوں میں ہمیشہ سندھ کے حقوق پر ڈاکے ڈالے گئے اب ہم سندھ کے ایک ایک انچ کی حفاظت کریں گے‘ سندھیوں سے جینے کے وسائل چھینے جارہے ہیں‘ پورٹ قاسم سندھیوں کے ہاتھ میں نہیں اور نہ ہی وہاں کسی سندھی افسر کو بڑی آسامی پر تعینات کیا جاتا ہے‘ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر غیر ملکیوں کو سندھ سے بے دخل کیا جائے اور انہیں دیا جانے والا ووٹ کا حق ختم کیا جائے‘ انہوں نے کہا کہ کراچی کے تعلیمی اداروں میں ماضی میں سندھی پڑھائی جاتی تھی لیکن اب کسی بھی اسکول میں سندھی نہیں پڑھائی جاتی‘ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں غلام بن کر نہیں رہنا چاہتے۔