دوہری شہریت کے حامل اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کے بارے میں قرارداد منظور
پیر کی شام پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس ہوئے، قومی اسمبلی کے 8ویں سیشن کی چھٹی نشست تھی۔ بالآخر اپوزیشن سینیٹ میں پرائیویٹ ممبر ڈے پر اعلیٰ عدلیہ کے دوہری شہریت رکھنے والے ججوں کے ناموں کو شائع اور ایوان بالا کو اس سے آگاہ کرنے کے بارے میں متفقہ قرارداد منظور کرانے میں کامیاب ہو گئی حکومت مختلف حیلوں بہانوں سے اس قرارداد کو موخر کر رہی تھی۔ پیپلزپارٹی کے سینیٹر کریم احمد خواجہ نے قرارداد پیش کی کہ’’بے نظیر بھٹو شہید اور میاں محمد نواز شریف کے درمیان طے پانے والے میثاق جمہوریت پر عملدرآمد کرتے ہوئے تمام صوبوں سے ججوں کی مساوی تعداد کے ساتھ آئینی عدالت قائم کی جائے ۔