اوگرا کرپشن کیس، 2 حتمی نوٹس احتساب عدالت میں پیش گیلانی، پرویز اشرف، توقیر صادق، عقیل ڈھیڈی سمیت 18 ملزم نامزد
اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) نے 82 ارب روپے سے زائد کے اوگرا کرپشن سکینڈل میں دو الگ الگ ریفرنسز احتساب عدالت میں جمع کروا دئیے، ریفرنسز میں دو سابق وزراء اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت 18 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ احتساب عدالت نے ملزمان کو 18 فروری کو طلب کر لیا ہے۔ گذشتہ روز احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اوگرا کرپشن سکینڈل کی سماعت کی، نیب کی جانب سے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر کے اوگرا کرپشن اور سابق چیئرمین اوگرا کی غلط تقرری کے ذمہ داری کیخلاف حتمی ریفرنسز عدالت میں پیش کئے گئے۔ عدالت نے ریفرنس کی نقول مرکزی ملزم توقیر صادق کو فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے دیگر تمام ملزمان کو 18 فروری کو طلبی کے سمن جاری کر دئیے۔ اوگرا کرپشن کیس میں 12 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے جن میں توقیر صادق، عقیل کریم ڈھیڈی، منصور مظفر، میر کمال بجارانی، جواد جمیل، ضیائ، عبدالرشید لون، زہیر صدیقی، اقبال عظیم صدیقی، ارسلان اقبال، یوسف انصاری اور مرزا محمود احمد شمل ہیں۔ توقیر صادق کی بطور چیئرمین اوگرا غلط تقرری کے ریفرنس میں چھ ملزمان شامل ہیں جن میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق، شوکت درانی، جاوید نذیر اور سکندر حیات میکن شامل ہیں۔ آئی این پی کے مطابق واضح رہے کہ احتساب عدالت نے نیب حکام کو اوگرا کرپشن کیس اور توقیر صادق تقرر کیس میں نئے ریفرنسز دائر کرنے کا حکم دیا تھا۔