طالبان پارلیمان پر اثرورسوخ رکھتے ہیں: رضا ربانی
اسلام آباد (بی بی سی ڈاٹ کام) پیپلز پارٹی کے رہنما رضا ربانی نے کہا ہے کہ مذاکرات کے لئے طالبان کی طرف سے مقررکردہ کمیٹی سے ثابت ہوتا ہے کہ طالبان پارلیمان تک پر اثرو رسوخ رکھتے ہیں۔ رضا ربانی نے حکومت کی نجکاری کی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے نجکاری کے شوق میں طالبان کے ساتھ مذاکرات کرنے والی ٹیم کو بھی ٹھیکے پر دے دیا ہے۔ سینٹ میں امن وامان اور سیاسی صورت حال پر بحث میں اْنھوں نے تحریکِ انصاف کا نام لئے بغیر کہا کہ ایک سیاسی جماعت کی وجہ سے طالبان کالعدم ہونے کے باوجود پارلیمنٹ پر اثرورسوخ رکھتے ہیں۔ طالبان کا سیاسی چہرہ بھی سامنے آگیا ہے اور کیسے وہ اپنی بات پارلیمنٹ میں لا رہے ہیں۔ رضا ربانی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو اقتدار میں آئے ہوئے سات ماہ سے زیادہ کا عرصہ ہو چکا ہے اور اس عرصے کے دوران اْنھوں نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ اْنھوں نے کہا کہ حکومت کے اس اقدام سے طالبان منظم ہوئے ہیں جو کہ تشویش ناک امر ہے۔