کراچی: لانڈھی جیل میں بھارتی ماہی گیر پیٹ کے امراض کے باعث چل بسا بھارت نے وضاحت مانگ لی
کراچی + نئی دہلی (اے ایف پی+ آن لائن) لانڈھی جیل میں قید بھارتی ماہی گیر بیماری کے باعث چل بسا۔ پچاس سالہ کشن سمندری حدود کی خلاف ورزی کے باعث گرفتار ہوا تھا جو گذشتہ روز جیل کے ہسپتال میں شدید کھانسی اور قے سمیت پیٹ کے دیگر امراض کی وجہ سے دم توڑ گیا۔ ڈیڑھ سو کے قریب قید بھارتی ماہی گیروں نے کشن کو ہسپتال میں داخل کروایا تھا۔ لانڈھی جیل کے اعلیٰ افسر سنیل شاہ نے بتایا کہ کشن کو ایک ماہ قبل شدید کھانسی، قے اور پیٹ میں درد کے باعث جیل کے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ موت کی اصل وجہ پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد معلوم ہو گی۔ مزید برآں آن لائن کے مطابق بھارت نے جیل میں ماہی گیر کی ہلاکت بارے پاکستان سے وضاحت طلب کرلی۔ بھارتی خبررساں ادارے نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی ماہی گیر کی کراچی لانڈھی جیل میں مردہ پائے جانے بارے میڈیا رپورٹ سامنے آنے کے بعد وزارت داخلہ نے اسلام آباد میں اپنے مشن سے کہا ہے کہ وہ اپنے ماہی گیروں کی ہلاکت کی وجوہات معلوم کرکے اس بارے وزارت کو آگاہ کرے۔