• news

پہاڑی علاقوں میں برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری شانگلہ میں سردی کے باعث باپ بیٹا جاں بحق

بشام (آئی این پی) شانگلہ میں چوتھے روز بھی پہاڑوں پر برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ شانگلہ ٹاپ پر شدید برفباری کی وجہ سے ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا۔ شانگلہ کے ضلعی ہیڈ کوارٹر الپور میں تین سے ساڑھے تین فٹ تک برفباری ہوئی ہے۔ 132 کے وی شانگہ گرڈ سٹیشن سے گزشتہ تین دنوں سے شدید برفباری کی وجہ سے الپوری‘ پورن اور مارتونگ علاقوں کی بجلی منقطع ہوئی اور نظام زندگی مکمل طورپر مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ محکمہ  موسمیات کے مطابق ضلعی ہیڈ کوارٹر الپوری‘ لیلونئی میں درجہ حرارت منفی 5 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں انتہائی اضافہ ہوا ہے جبکہ میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ شانگلہ میں ریکارڈ سردی نے باپ بیٹے کی جان لے لی۔  شدید سردی کی وجہ سے رات کو امان اللہ ولد صدبر سردی کی شدت کی وجہ سے جاں بحق ہو گیا جبکہ منگل کی صبح کا جواں سالہ معذور بیٹا اکبر علی بھی سردی کا مقابلہ نہ کرسکا اور جاں بحق ہو گیا۔

ای پیپر-دی نیشن