کراچی: فائرنگ کے واقعات، سیاسی کارکن سمیت 5 ہلاک، گاڑی میں دھماکہ
کراچی (کرائم رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) شہر قائد میں منگل کے روز تشدد کے واقعات میں قدرے کمی آئی تاہم فنکشنل لیگ کے کارکن سمیت 5 افراد قتل کر دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹائون کے علاقے خدا کی بستی میں موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے فنکشنل لیگ کے کارکن محمد زاہد کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ اورنگی ٹائون نمبر 5 میں گاڑی کے نیچے نصب مقناطیسی بم پھٹنے سے 60 سالہ ذوالفقار جعفر شدید زخمی جبکہ گاڑی تباہ ہو گئی۔ طارق روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 50 سالہ حاجی اسلم اور اسکا 18 سالہ بٹا عمیر زخمی ہو گئے۔ شاہ لطیف ٹائون میں رزاق آباد پولیس ٹریننگ سنٹر کے قریب پلاٹ سے 35 سالہ نامعلوم شخص کی نعش ملی۔ خالد بن ولید روڈ پر پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک دوسرا زخمی حالت میں فرار ہو گیا۔ کورنگی انڈسٹری ایریا میں کارروائی کر کے 2 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر لیا جو تاجروں کو بھتے کی پرچی کے ساتھ کفن اور گولیاں بھی بھیجا کرتے تھے۔ علاوہ ازیں لیاری کے علاقے چیل چوک میں فائرنگ سے ایک شخص دم توڑ گیا۔