طالبان سے مذاکرات، وزیراعظم فضل الرحمان کو کردار ادا کرنے پر راضی نہ کرسکے
اسلام آباد (ابرار سعید+ نیشن رپورٹ + آن لائن) وزیراعظم ڈاکٹر نواز شریف طالبان سے مذاکرات کیلئے کردار ادا کرنے کیلئے مولانا فضل الرحمان کو راضی نہ کر سکے۔ طالبان سے مذاکرات جو آئندہ چند روز میں متوقع ہیں، کے حوالے سے جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کردار ادا کرنے کی حامی نہیں بھری۔ ذرائع نے دی نیشن کو بتایا کہ وزیراعظم ڈاکٹر نوازشریف اور مولانا فضل الرحمان یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مظفر آباد میں تقریب میں شرکت کیلئے ایک ہی ہیلی کاپٹر میں گئے اور دوران سفر دونوں کے درمیان طالبان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے گفتگو زیربحث آئی۔ ذرائع نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان وزیراعظم ڈاکٹر نواز شریف سے اہم حکومتی فیصلوں میں انہیں شامل نہ کرنے کی وجہ سے ناراض ہیں۔ وزیراغظم ڈاکٹر نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان کو یقین دہانی کرائی گئی کہ جمعیت علما اسلام (ف) کو آئندہ حکومتی فیصلوں کے حوالے اعتماد میں لیا جائیگا اور مولانا فضل الرحمان کو طالبان سے مذاکرات کیلئے مؤثر کردار ادا کرنے کیلئے کہا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ دونوں رہنمائوں کے مابین حکومتی مذاکراتی کمیٹی میں توسیع کرنے اور نئے نام شامل کرنے پر بھی بات ہوئی تاہم مولانا فضل الرحمان نے مذاکراتی ٹیم کا حصہ بننے سے انکار کردیا اور اپنے کسی نمائندے کو بھی ٹیم میں شمولیت کی حامی نہیں بھری۔ مزید برآں آن لائن کے مطابق وزیراعظم اور مولانا فضل الرحمٰن اسلام آباد سے مظفرآباد کے درمیان ہیلی کاپٹر کے سفر میں طالبان سے مذاکرات اور دیگر اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال کرتے رہے۔ آزادکشمیر کے سفر کے دوران ہونیوالی بات چیت کے نتیجے میں وزیراعظم نے انہیں اعتماد میں لیا اور اب توقع ہے کہ انکے رویہ میں واضح تبدیلی نظر آئیگی اور وہ طالبان سے مذاکرات کی کامیابی میں اپنا کردار اد ا کریں گے۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے یہ بھی شکوہ کیا کہ انکے دو وزیر کابینہ میںلئے گئے ہیں لیکن 15 روز گزرنے کے باوجود انہیں اب تک قلمدان نہیں دیئے گئے وزیراعظم نے یہ معاملہ بھی جلد حل کرنے کا یقین دلایا۔