• news

مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر بھارت سے تجارت، تعلقات کی بہتری ممکن نہیں: شاہ محمود قریشی

لاہور(خبر نگار) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے انسداد دہشت گردی اور تحفظ پاکستان آرڈیننس کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قوانین جیسا ’’کالا قانون‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران بھارت سے کالے قوانین ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں لیکن اپنے ملک میں بھی وہی کچھ کر رہے ہیں حکمرانوں کی ترجیح مسئلہ کشمیر نہیں بلکہ اپنے مفادات کا تحفظ ہے‘ مشرف کشمیریوں کو الگ کر کے مسئلہ کشمیر حل کرنے کی سازشیں کرتا رہا‘ پانی کا مسئلہ انتہائی اہم ہے مگر حکمران بھارت کے سامنے اس پر بات کرنے کو تیار نہیں جو مجرمانہ خاموشی کے مترادف ہے‘ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر بھارت سے تجارت سمیت تعلقات کی بہتری ممکن نہیں۔ وہ لاہور پریس کلب میں یوتھ فورم کشمیر کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر یوتھ فورم کے آرگنائزر طارق احسان غوری‘ سابق نگران وزیراعظم میاں محمد سومرو‘ رکن قومی اسمبلی رضا حیات ہراج سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ میاں محمد سومرو نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف اور صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ممکن ہے۔ رضا حیات ہراج نے کہا کہ کشمیر کل بھی پاکستان کی شہ رگ تھا اور آج بھی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن