مذاکراتی عمل میں امریکہ، کرزئی اور بھارت کو بھی شامل کیا جائے: طاہر محمود اشرفی
اسلام آباد/لاہور (آئی این پی)پاکستان علماء کونسل کے چیئر مین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ٹی وی سکرین کے شوقین رابطہ کار کہیں مذاکراتی عمل کو جلا کر بھسم نہ کر دیں، مذاکرات کیسے کرنے ہیں ،کیا دینا ہے اور کیا لینا ہے یہ باتیں طالبان اور حکومت پر چھوڑنی چاہئیں، مولانا سمیع الحق کو اگر وزیر اعظم ہی بے اختیار نظر آتے ہیںتو پھربات چیت کس سے اور کیسے ہو گی، مذاکراتی عمل میں امریکہ ،کرزئی اور بھارت کو بھی شامل کیا جائے تا کہ دہشت گردی کا سلسلہ رک سکے‘ طالبان اور حکومت کو سیز فائرکے ساتھ زبان بندی بھی کر نی چاہیے۔بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ رابطہ کاروں میں سے ایک فریق کی جانب سے جذباتی انداز اپنایا گیا ہے۔ دونوں فریقین کو بیٹھ کر سنجیدگی سے بات کرنی چاہیے۔ مذاکراتی عمل انتہائی حساس ہے۔ طالبان نے بھرپور سنجیدگی دکھائی۔ حکومت بھی سنجیدہ ہے۔ انہوں نے طالبان سے اپیل کی ہے کہ حالیہ دھماکوں میں اگر ان کے گروپ ملوث نہیں ہیں تو جو لوگ ان میں ملوث ہیں ان کی نشاندہی کریں اور حکومت بھی انہیں پکڑنے کی سنجیدہ کوششیں کرے۔ ورنہ دھماکے کرنے والوں تک اس مذاکراتی عمل کو لے جایا جائے۔