پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے: بیرسٹر ترمبو، نذیر شال
برسلز (نامہ نگار) عالمی طاقتیں کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ کشمیری اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں و خواہشات کے مطابق حق نہیں ہوجاتا۔ ان خیالات کا اظہار بین الاقوامی تنظیم احرام و کشمیری رہنما و چیئرمین عبدالمجید ترمبو نے برسلز میں سیمینار سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر ترمبو نے کہا کہ کشمیری 65 سال سے مسئلہ کشمیر کے حل اور بھارت کی زیادتیوں کے خلاف آواز بلند کررہے ہیں لیکن افسوس بھارت ٹس سے مس نہیں ہوا۔ یورپین یونین اور یورپین پارلیمنٹ نے کشمیر کمیٹی و کشمیر سنٹر کے ذریعے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے جس میں رکن پارلیمنٹ جیمز ایلن کی خدمات قابل قدر ہیں۔ ان تمام کاوشوں کو جاری رکھنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ کشمیرکاز کو نقصان پہنچانے والوں کا محاسبہ کیا جاسکے۔ کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔ پاکستان کی حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھارت پر دبائو بڑھائے۔ پاکستان میں کشمیری وزیراعظم سے کشمیریوں کو بڑی توقعات ہیں۔ پاکستان نے یوم یکجہتی کشمیر کو سرکاری سطح پر مناکر کشمیریوں کے حوصلے بڑھائے ہیں لیکن ہمیں اس سے بھی زیادہ آگے بڑھ کر جدوجہد کرنا ہوگی۔ پروفیسر نذیر شال نے کہا کہ بھارت ایک ایسا ظالم ملک ہے جس کے نزدیک انسانیت کی قدر نہیں۔ اس نے لاکھوں کشمیریوں کو موت کی نیند سلا دیا۔ کشمیری بھارت کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کرکے دم لیں گے اور اپنی جدوجہد جاری و ساری رکھیں گے کیونکہ آزادی حاصل کرنا ان کا حق ہے۔ اقوام متحدہ کو چاہئے کہ وہ انسانی حقوق کے قانون کی پاسداری کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا اثرورسوخ استعمال کرے۔ مسئلہ کشمیر کے حل سے دنیا میں دیرپا امن ہوگا۔ اس موقع پر بیرسٹر ترمبو اور پروفیسر نذیر شال نے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوجائیں۔