طالبان کا اصل ایجنڈا شرعی قوانین کا نفاذ ہے میں نہیں سمجھتا حکومت یہ تسلیم کریگی: سرتاج عزیز یہ حقیقت تسلیم کرنی چاہئے کہ جنگ مسئلہ کا حل نہیں
اسلام آباد (آ ن لائن) تحریک طالبان پاکستان کے مذاکرات کاروں کا کہنا ہے کہ جب تک اسلامی قوانین نافذ نہیں کئے جاتے اور پڑوسی ملک افغانستان سے تمام غیر ملکی فوجیوں کے انخلاء کا عمل مکمل نہیں ہو جاتا، پاکستان میں کسی صورت امن ممکن نہیں ہے۔ مولانا عبدالعز یز نے کہا کہ شرعی قوانین کے نفاذ کے مطالبات کے بارے میں کسی قسم کی بحث کی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا، ’’شرعی قوانین کے بغیر، طالبان اس مذاکراتی عمل کو ایک فیصد بھی تسلیم نہیں کریں گے۔‘‘ مولانا عبدالعزیز کے بقول طالبان کے چند دھڑے مذاکراتی عمل تسلیم کر بھی لیں، تو متعدد دیگر گروپ ایسا نہیں کریں گے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا، ’’ان کا اصل ا یجنڈا شرعی قوانین کا نفاذ ہے میں نہیں سمجھتا حکومت یہ تسلیم کرے گی تاہم انہیں اس حقیقت کو تسلیم کر لینا چاہئے کہ جنگ مسئلے کا حل نہیں ہے۔