• news

لوڈشیڈنگ جاری‘ لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش آندھی ایک شخص جاں بحق

لاہور (سٹی رپورٹر + نیوز رپورٹر + نمائندگان)  لاہور میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ  ہونے والی بارش نے مواصلات کا نظام معطل کر دیا۔ دن بھر سیاہ بادل لاہور پر چھائے رہے جس سے وقفے وقفے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ محکمہ موسمیات  نے موجودہ سسٹم کو 24 گھنٹوں تک برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے جس کے دوران اسلام آباد، بالائی پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا ڈویژن) بالائی خیبرپی کے (مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ ڈویژن) کشمیر اور گلگت  بلتستان  میں اکثرز مقامات پر گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے جب کہ فیصل آباد، ساہیوال، ڈی آئی خان،  بنوں، کوئٹہ، ژوب  میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ روز لاہور سٹی اور ائرپورٹ پر 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ باشر اور پہاڑوں پر برف باری سے سردی کی شدت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آنے والی آندھی  کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔  لاہور میں بارش کے دوران ٹریفک حادثات، چھتیں اورسائن بورڈ گرنے کے واقعات میں ایک شخص ہلاک جبکہ خاتون سمیت سات افراد زخمی ہوگئے۔ شیر شاہ پل کے قریب نوجوان عامر موٹر سائیکل پر جا رہا تھا اچانک موٹر سائیکل پھسلن کے باعث سلپ ہوکر فٹ پاتھ سے ٹکر گئی جس سے عامر شدید زخمی ہوگیا۔ راہگیروں نے اسے ہسپتال پہنچا دیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا اور اس نے دم توڑ دیا۔ متوفی موٹر سائیکل میکینک اور فیکٹری ایریا کوٹ عبدالمالک کا رہائشی تھا۔ رائے ونڈ کے علاقہ میں زیر تعمیر فیکٹری کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر تین مزدور شبیر، الیاس اور الطاف زخمی ہو گئے۔ ریس کورس کے علاقہ میں سائن بورڈگرنے سے موٹرسائیکل پر سوار میاں بیوی زخمی ہو گئے۔ شیرا کوٹ کے علاقہ میں دکان کا شٹر گرنے سے دکان مالک زخمی ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال داخل کرا دیا ہے۔ لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش، سردی میں اضافہ، موسم خوشگوار ہو گیا۔ بھلوال، جوہرآباد، بہاولپور، بھکر،گوجرہ،  نارووال، ساہیوال، عارف والا، سیالکوٹ، پسرور  اور ملک وال میں بارش کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی۔کاشتکاروں نے حالیہ بارش کو فصلوں کے لئے مفید قرار دیا ہے۔ رینالہ خورد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بارش کی رم جھم نے موسم خوشگوار بنا دیا۔زمینداروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ شیخوپورہ سے ہمارے نامہ نگار خصوصی کے مطابق جمعرات کے روز شہر اور گردونواح کے علاقوں میں دن بھر ٹھنڈی ہوائوں کے ساتھ ساتھ بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا سڑک پر پھسلن ہونے کی وجہ سے ٹریفک کے مختلف حادثات بھی رونماء ہوئے جس میں 6 افراد کے معمولی زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ صفدر آباد اور گردونواح میں تمام دن بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ مساجد میں شکرانہ کے نوافل ادا کئے۔ ملک وال میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ آمدورفت میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا۔ بچیانہ سے نامہ نگار کے مطابق علاقہ میں صبح سے گرج چمک  کے ساتھ بارش جاری ہے جس سے گندم کی فصل بہتر ہو گئی۔آئی این پی کے مطاق مون سون کی بارشیں شروع ہوتے ہی پارلیمنٹ ہائوس کی چھت ٹپکنا شروع ہوگئی۔ پارلیمنٹ ہائوس کا عملہ سارا دن جگہ جگہ بالٹیاں اور دوسرا سامان رکھ کر پارلیمنٹ ہائوس کے قالینوں اور کمروں میں موجود ریکارڈ کو تباہی سے بچاتا رہا۔ ادھر دیربالا سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق دیربالا میں لواری ٹنل  کے قریب میناخور  کے مقام پر برفانی تودہ گرنے سے دو خواتین دب گئیں۔ ذرائع کے مطابق چکیاٹن کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ  کے باعث دیر پشاور روڈ بند ہونے سے متعدد مسافر پھنس گئے۔  لاہور میں بارش  اور تیزہوا نے لیسکو کے بجلی کے ترسلی نظام کو شدید متاثر کیا۔ بند روڈ پر واقع گرڈ سٹیشن 4 گھنٹے بند رہا جب کہ 119 فیڈر بند ہونے سے شہر کے بڑے حصے کو بجلی کی سپلائی بند رہی۔  مسلسل بارش کی وجہ سے بنڈ روڈ پر واقع گرڈ سٹیشن  پر نصب پاور ٹرانسفارمر  ٹرپ کر گیا جس کے باعث گرڈ کو 4 گھنٹے تک مسلسل بند رکھا جس سے گلشن راوی، شاہدرہ، یتیم خانہ،  بند روڈ، بادامی باغ، سمن آباد، سبزہ زار، ملتان روڈ،  سے ملحقہ  آبادیوں میں بجلی مسلسل 4 گھنٹے تک بند رہی۔  دوسری طرف لاہور میں 119 فیڈرز بھی بند رہے جس سے اقبال ٹائون  مزنگ،  ایل او ایس، اچھرہ، اندرون لاہور، شادمان، گلبرگ کے علاقے  زیادہ متاثر رہے۔  لیسکو حکام کا کہنا نھا کہ بارش کی وجہ سے متاثرہ فیڈرز کی بجلی رات 9 بجے بحال کر دی گئی تھی۔حافظ آباد  سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق جماعت پنجم کے گذشتہ روز شروع ہونے والے سالانہ امتحانات کے موقع پر بجلی کی مسلسل بندش کی وجہ سے ہزاروں ننھے منھے طلبہ امتحانی سنٹروں میں اندھیرا چھائے رہنے کی وجہ سے سخت پریشان رہے۔ جبکہ متعدد طالبات روتی رہیں۔ پنجاب ٹیچرز یونین کے صدر ریاض احمد تارڑ نے مطالبہ کیا ہے امتحانات کے موقع پر بجلی کی بندش کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن