امریکہ خود سب سے بڑا دہشتگرد، افغانستان سے رسوا ہو کر نکلنا اسکا مقدر بن چکا: حقانی گروپ
کابل / واشنگٹن (آئی این پی) کالعدم تحریک طالبان کے حقانی گروپ نے امریکہ کی طرف سے اپنے تین رہنمائوں کو عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ خود دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے‘ امریکہ کے ہاتھ کروڑوں بے گناہوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں‘ امریکی حکومت کے ایسے اقدامات ہمیں متاثر نہیں کرسکتے‘ افغانستان سے ذلیل و رسوا ہو کر نکلنا امریکہ کا مقدر بن چکا ہے۔ گزشتہ روز افغان میڈیا کے مطابق حقانی گروپ نے امریکی حکومت کے اس اقدام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایسے اقدامات کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ نے گزشتہ روز حقانی نیٹ ورک کے 3اراکین کو ’’عالمی دہشتگردوں‘‘ کی فہرست میں شامل کر نے کا اعلان کیا تھا۔ امریکی محکمہ خزانہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق سعید اللہ جان، یحییٰ حقانی، اور محمد عمر زدران حقانی نیٹ ورک کے تین انتہائی اہم اراکین ہیں جن کا تعلق مالیاتی لین دین سے بھی ہے۔ امریکی ٹریژری نے کہا ہے کہ ان میں سے سعید اللہ جان افغانستان میں کمانڈر ہے اور اپنے گروپ اور القاعدہ کے درمیان لاجسٹک معاملات کا نگراں ہے۔ یحییٰ حقانی بھی پاکستانی ہیں اور حقانی نیٹ ورک کے لیڈر سراج الدین حقانی کے بہنوئی ہیں اور امریکہ کے مطابق جب دوسرے تمام اراکین غائب ہوتے تو وہ تب بھی وہاں موجود ہوتا ہے۔ مبینہ طور پر اس کے القاعدہ سے تعلقات ہیں اور طالبان کوآرڈینیٹر ہیں۔ زدران کا تعلق افغانستان سے ہے اور وہ افغانستان میں حقانی کمانڈر ہیں اور وہاں طالبان عسکریت پسندوں کے ساتھ قریبی تعلقات رکھتے ہیں۔ عالمی دہشتگرد قرار دینے کے بعد امریکہ اور امریکہ کے زیرِ اثر آنے والے ان کے اثاثے ضبط کرنے کے علاوہ بینک اکاؤنٹ فریز کئے جائیں گے۔