• news

امریکہ کا کرنل کتا ’’گرفتار‘‘ کرلیا‘ افغان طالبان کا دعویٰ

کابل (بی بی سی) افغانستان میں طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے مشرقی صوبے میں لڑائی کے دوران امریکی فوجیوں کا ایک کتا پکڑ لیا ہے۔ افغان طالبان نے اس کتے کی ایک ویڈیو جاری کی ہے جسے بظاہر ’کرنل‘ کہا جاتا ہے۔ طالبان کا کہنا ہے کہ کتے پر ایک پٹہ لگا ہوا تھا جس پر جی پی ایس، ایک ٹارچ اور کیمرا بندھا ہوا تھا۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ امریکیوں کے لئے شرمندگی کا باعث بنے گا۔ کابل میں بی بی سی کے نامہ نگار ڈیوڈ لیون کا کہنا ہے کہ اس ویڈیو میں ایک پریشان حال کتا نظر آتا ہے جسے ایک لمبے بالوں والے طالب نے رسی سے پکڑا ہوا ہے اور اسے کیمرے کے لئے دکھایا جا رہا ہے۔ طالبان کا کہنا ہے کہ اس کتے کو گذشتہ دسمبر میں لغمان صوبے میں ایک رات کے ایک چھاپے کے دوران پکڑا گیا تھا۔ اس ویڈیو میں طالبان ایسے ہتھیار بھی دکھاتے ہیں جنہیں امریکہ کی خصوصی افواج کثرت سے استعمال کرتی ہیں۔ مقامی افراد نے کچھ ہفتے قبل طالبان کے ایک اعلیٰ کمانڈر کو اس علاقے میں ایک غیر ملکی کتے کے ساتھ دیکھا تھا۔یہ ویڈیو اس واقعے کا پہلا ثبوت ہے جس میں بظاہر اس کی تصدیق کی گئی ہے۔ افغانستان میں اتحادی افواج عرصے سے بو سونگھنے والے اور حفاظت والے کتے استعمال کرتے رہے ہیں جن میں اکثر جرمن شیفرڈ، لیبریڈار یا سپینیئلز ہوتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن