• news

ٹانک: شدت پسندوں سے جھڑپ میں امن کمیٹی کے سربراہ سمیت 2 افراد جاں بحق

 ٹانک+ ڈیرہ اسماعیل خان (نیوز ایجنسیاں) ٹانک میں امن کمیٹی کے رضاکاروں اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں مقامی امن کمیٹی کے  سربراہ حیدر جان سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق ٹانک کے علاقے کڑھی حیدر میں امن کمیٹی کے رضاکاروں اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ سے امن کمیٹی کے سربراہ حیدرجان سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں 2 گھروں پر دستی بموں سے حملہ کیا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں منگل کے روز نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کمانڈر اور انکے 3 محافظ شامل ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت طالبان کمانڈر شفیق کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ باقی تین ان کے محافظ تھے۔ ادھر ڈی آئی خان میں چودھوان کے علاقہ گرہ مٹ میںنامعلوم افراد نے قاری شاہنوازکے گھر پر دستی بم پھینک دیا۔جس سے زورداردھماکہ ہوا تاہم دھماکے سے کسی قسم کاکوئی جانی نقصان نہیںہوا۔ دوسرا واقعہ کلاچی میں ہوا جہاں دہشت گردوںنے رات کے وقت فیاض حسین کے گھر پر دستی بم پھینک دیا۔ دھماکے سے گھر کو معمولی نقصان ہوا تاہم کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیںہوا۔ پاراچنار میں گیا گائوں کے راستے میں نصب 11 کلو وزنی بم برآمد کر لیا گیا جس کے باعث علاقہ بڑی تباہی سے بچ گیا۔ این این آئی کے مطابق پشاور کے قصہ خوانی میں واقع سینماگھر اور کوچہ رسالدار میں ہو نے والے خودکش حملے کے بعد پشاور شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 15 سے 20 مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن