غیر ملکی افواج افغانستان کی صورتحال سنبھالنے میں ناکام رہیں: چودھری نثار
اسلام آباد (اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ جاپان پاکستان کا دوست ملک ہے جس نے ہمیشہ پاکستان میں معاشی ترقی اور سیاسی استحکام کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں جاپان کے سفیر ہیروشی انوماتا کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے خصوصی طور پر کہا کہ جاپان پاکستان میں مختلف میگا پروجیکٹس کا بڑا ڈونر ہے۔ انہوں نے افغانستان میں 2014ء کے بعد کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال غیر یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی کو بھی افغانستان کے خلاف اپنی زمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ غیر ملکی افواج افغانستان کی صورتحال نہیں سنبھال سکیں۔ حکومت دہشتگردی کا مکمل خاتمہ چاہتی ہے۔