• news

بجلی منصوبے کیساتھ ساتھ بہاولپور میں میٹرو بس بھی چلائی جائیگی: وزیراعظم

بہاولپور (بیورو رپورٹ) وزیراعظم ڈاکٹر نوازشریف نے کہا ہے کہ کارکن کسی بھی جماعت کا اثاثہ ہوتے ہیں۔ انہی کے بل بوتے پر سیاسی جماعتیں ترقی و تنزلی کا شکار ہوتی ہیں۔ جس جماعت میں نظریاتی کارکن موجود ہوں وہ جماعت عوامی حمایت سے محروم نہیں ہوسکتی ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پارک لال سوہانرا میں مسلم لیگی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ ، وفاقی وزیرمملکت برائے داخلہ انجینئر بلیغ الرحمن، صوبائی وزیر امداد باہمی ملک اقبال چنڑ، صوبائی وزیر چودھری شفیق، معاون صوبائی حکومت چودھری سعود مجید، پارلیمانی سیکرٹری خالد محمود ججہ، چودھری افضل گل ایم پی اے، میاں کاظم پیرزادہ ایم پی اے، میاں شعیب اویسی ایم پی اے، ملک خالد محمودوارن ایم پی اے، میاں نجیب الدین اویسی ایم این اے اور دیگر بھی موجود تھے۔ نوازشریف نے کہاکہ بہاولپور میں مسلم لیگ ن کوتاریخ میں پہلی بار بھرپور کامیابی ملی ہے۔ جس کیلئے وہ اس خطہ کے عوام کے ذاتی طور پر مشکور ہیں۔ بہاولپور میں بجلی کی پیداوار کے علاوہ میٹروبس کی سہولت بھی فراہم کی جائیگی۔ وزیراعظم نے دریائے ستلج پر مصنوعی جھیل کی تعمیر کیلئے70 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ اس جھیل سے بہاولپور میں زیرزمین پانی کی سطح میں بہتری ہوگی پانی کی آلودگی ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے جلال پور پیروالا کو اوچ شریف سے ملانے والی شاہراہ کی تعمیر فوری شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ بہاولپور میں سولرانرجی منصوبے کی تکمیل سے یہ علاقہ ترقی کریگا اور اس میں صنعتوں کا قیام عمل میں آئے گا۔ وزیراعظم نے جنوبی پنجاب کے سرائیکی شاعر شاکر شجاع آبادی کی مالی امداد اور اس کے بیٹے کو ملازمت دینے کا بھی وعدہ کیا۔ وزیراعظم نے ریاض مہر کی تجویز پر ہدایت کی کہ آئندہ بہاولپور کے مسائل اور ترقی کی تجاویز کے سلسلہ میں اجلاس میں کارکنوں کو بھی شامل کیا جائے اور ان کی تجاویز بھی زیرغور لائی جائیں۔  قبل ازیں وزیراعظم نے معاون صوبائی حکومت چودھری سعود مجید کے عشائیہ میں شرکت کی۔  دورہ سے واپسی کے موقع پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ دریائے ستلج میں جھیل بنانے کے منصوبے کے سلسلہ میں انہوں نے وزیرمملکت انجینئر بلیغ الرحمن کو ہدایات دے دی ہیں اور اس منصوبہ کی جلد تکمیل کیلئے ہرممکن کوششیں کی جائیں گی، وسائل مہیا کئے جائیں گے۔  بی بی سی کے مطابق وزیراعظم ڈاکٹر نواز شریف نے چولستان کا دورہ کیا جہاں ان کے لئے محفل موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا جو رات گئے تک جاری رہی۔ وزیراعظم نے رات محکمہ جنگلات کے ریسٹ ہاؤس لال سوہانرا نیشنل پارک میں قیام کیا جہاں کھلے آسمان تلے الاؤ کے گرد ضیافت کی گئی۔ وزیر اعظم نواز شریف کے لئے جو محفل موسیقی سجائی گئی اس میں لاہور سے خصوصی طور پر لائے گئے معروف گلوکار انور رفیع کے علاوہ مقامی فنکاروں نے بھی اپنے فن کے جوہر دکھائے۔ بی بی سی کے مطابق وزیراعظم نے مقامی لوگوں سے لطیفے سنے اور انہیں لطیفے سنائے۔ وزیراعظم کے دورہ چولستان کے دوران پنجاب حکومت نے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے تھے۔ مقامی پولیس کے اہل کار ساری رات محکمہ جنگلات کے ریسٹ ہاؤس کے باہر تعینات رہے جہاں وزیر اعظم موسیقی سے محظوظ ہوتے رہے۔

ای پیپر-دی نیشن