• news

خواتین کی ترقی اولین ترجیح، صبر، شکر، قناعت سے کئی مسائل حل ہو سکتے ہیں، بیگم محمودہ ممنون

کراچی (صوفیہ یزدانی/ فیملی میگزین) خواتین کے مسائل حل کرنا میری اولین ترجیح ہے۔ خواتین صبر، شکر اور قناعت کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنا لیں تو ان کے کئی مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر پاکستان کی اہلیہ بیگم محمودہ ممنون حسین نے خواتین کے حوالے سے فیملی میگزین کو دئے جانے والے اپنے پہلے خصوصی انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا  اللہ تعالیٰ نے میرے اوپر بہت بھاری ذمہ داری عائد کی ہے اس ذمہ داری کو احسن طریقے سے ادا کر کے میں اچھی مثال قائم کرنا چاہتی ہوں۔ قرآن سے دوری، شکر گزاری اور قناعت ختم ہونے سے کئی مسائل کھڑے ہو گئے ہیں۔ عورتیں گھر کا معاشی بوجھ اُٹھانے کے لئے گھروں سے نکل رہی ہیں لیکن تمام مادی سہولتوں کے باوجود سکون ختم ہو گیا ہے۔ بچے ذہنی انتشار کا شکار ہیں۔ میں تو کہتی ہوں کہ سارا کھیل عورت کا ہے اگر عورت خود کو ٹھیک کرلے تو پورا گھرانہ سنور سکتا ہے۔ اسلامی ممالک کی خواتین کی اسمبلی تشکیل دینے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا  اسمبلی تشکیل دے کر خواتین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مل جل کر کام کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا  میڈیکل کالجوں اور یونیورسٹیوں کی طرح طالبات کے لئے علیحدہ انجینئرنگ کالج اور انجینئرنگ یونیورسٹی بھی ہونی چاہئے جس علاقے میں ان کی ضرورت زیادہ ہے وہاں اِن کا قیام عمل میں لانا اچھا اقدام ہو گا۔ صدر کی  اہلیہ نے کہا ملازمت پیشہ خواتین کی یونیفارم مقرر ہونی چاہیے۔ خواتین کے سفر کو آرام دہ بنانے کے لئے الگ ٹرانسپورٹ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرد کو عورت کا محافظ بنایا  گیا ہے‘ اگر محافظ ہی چور ہو جائیں تو عورتیں کہاں پناہ لیں گی۔ عورتوں پر تشدد کرنے والوں کو مقررہ سزائیں دینی چاہیے تاکہ کوئی دوسرا شخص یہ جرم نہ کر سکے۔  بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا کہ بوڑھے والدین کو اولڈ ہومز میں ڈالنا نہایت افسوس ناک ہے۔ اولڈ ہومز میں ایسے بزرگوں کو تو رکھا جا سکتا ہے جن کے دیکھ بھال کرنے والا واقعی کوئی نہیں ہوتا لیکن اولاد ہونے کے باوجود والدین کو اولڈ ہومز میں رکھنے کے رحجان کی حوصلہ شکنی کرنی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح ماں کی ذمہ داری ہے۔ بچوں کی اچھی تربیت کے اثرات نسل در نسل منتقل ہوتے ہیں۔ خواتین کے نام ایک پیغام میں بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا کہ قرآن ایک مکمل ضابطہ ٔ حیات ہے اس کے مطابق عمل کرکے گھر کو جنت بنایا جا سکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن