• news

امریکی ویزا پابندیاں دونوں ممالک کے تعلقات کیلئے نقصان دہ ہوں گی: بھارتی سفیر

واشنگٹن (اے ایف پی) بھارت نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے امیگریشن قوانین میں اصلاحات کے نام پر ہائی ٹیک فرموں کیلئے ویزا رولز پر پابندیاں لگائیں تو اس سے نہ صرف امریکی معیشت بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ امریکہ میں بھارتی سفیر سبرامینم نے ایک انٹرویو میں کہا کہ بھارت سمجھتا ہے کہ اس فیصلے کے ذریعے تربیت یافتہ کارکنوں کو عارضی ویزوں کا اجرا روکا جا رہا ہے اور اس طرح امریکی معیشت کو بزنس کیلئے کم کھلا بنایا جا رہا ہے۔ بھارتی سفیر نے الزام لگایا کہ ان ویزا اصلاحات کا مقصد بھارت کی آئی ٹی انڈسٹری کو نشانہ بنانا ہے جو 24 گھنٹے کام کرنے والی کمپنیوں کی مدد کر کے امریکی معیشت کی ترقی کیلئے کام کر رہی ہے۔ بھارتی سفیر نے کہا کہ انہوں نے سپیکر ایوان نمائندگان جان بوہر اور سینٹ میں اکثریتی لیڈر ہیری ریڈ سمیت 25 ارکان کانگرس سے ملاقاتیں کر کے انہیں اپنی تشویش سے آگاہ کر دیا ہے۔ بھارتی سفیر نے کہا کہ امریکہ نے گزشتہ دنوں بھارتی سفارتکار کھوبرا گاڑے سے جو سلوک کیا اسے بھارتی عوام شدت سے ناپسند کرتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن