عراق میں سات کار بم دھماکے‘ 10 افراد ہلاک‘ جنگجوئوں کیخلاف آپریشن تیز
بغداد (اے ایف پی‘ آن لائن) عراق میں 7کار بم دھماکوں میں 10 افراد ہلاک اور 38 زخمی ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے دوپہر کے بعد یہ دھماکے دارالحکومت بغداد میں ہوئے ہیں۔ ان میں سے 4 شیعہ اکثریتی علاقے میں ہوئے۔ کسی گروپ نے فوری طورپر ذمہ داری قبول نہیں کی۔ ادھر سفارتکاروں اور تجزیہ کاروں نے حکومت پر زور دیا ہے وہ امن بحالی کے اقدامات کرے۔ ادھر صوبہ انبار کے شہرو رمادی اور فلوجہ میں القاعدہ جنگجوئوں کے خلاف آپریشن تیز کر دیا گیا اور ڈیڑھ ماہ کے دوران سینکڑوں افراد مارے جا چکے ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ بغداد کے شمالی علاقوں جائیلا اور کاظمیہ میں دو مختلف بم دھماکے ہوئے جن میں 5 افراد ہلاک اور بائیس زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طورپر طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کر دیاگیا۔ فوری طورپر کسی بھی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔