مسئلہ کشمیر : اقوام متحدہ کی پاکستان ‘ بھارت کو پھر ثالثی کی پیشکش
نیو یارک (اے این این) اقوام متحدہ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ثالثی کی پیشکش کردی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے قائم مقام نائب ترجمان فرحان حق نے میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک سوال پرکہا پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ثالثی کی درخواست کریں تو اقوام متحدہ اس کیلئے تیار ہے۔ واضح رہے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کیا گیا ہے لیکن بھارت نے مسلسل ہٹ دھرمی کا رویہ اختیارکر رکھا ہے اور وہ عالمی ادارے کی قراردادوں پر عمل پیرا ہونے سے گریزاں ہے چنانچہ چھ دہائیوں سے زائد عرصے تک زیرالتواء مسئلہ کشمیرکے حل نہ ہونے سے جہاں نہ صرف خطے کے امن کو شدید خطرہ لاحق ہے وہاں اس مسئلے کے حل سے متعلق قراردادوں پر عملدرآمدنہ ہونے سے اقوام متحدہ کی ساکھ پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔