عمران فاروق کیس، برطانیہ کا ملزموں کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطہ، وزارت داخلہ کو خط موصول
لندن (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) سکاٹ لینڈ یارڈ نے عمران فاروق قتل کیس میں 2 ملزموں کی گرفتاری کے لئے انٹرپول کی مدد مانگ لی۔ انٹرپول کا کہنا ہے محسن علی سید اور کاشف خان کامران برطانیہ سے جنوبی افریقہ، وہاں سے سری لنکا اور پھر پاکستان آئے۔ محسن علی سید اور کاشف خان کامران کیخلاف جلد ریڈ وارنٹ جاری ہونے کا امکان ہے۔ مزید برآں برطانیہ کے فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس نے پاکستان کی وزارت داخلہ کو خط بھیجا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں سکاٹ لینڈ یارڈ کو مطلوب دو مشتبہ افراد کی تلاش اور شناخت میں مدد دی جائے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس کا یہ خط کرائون پراسیکیوشن سروس نے تقریباً تین ماہ قبل برطانیہ کے دفتر خارجہ کے ذریعے بھیجا ہے۔ سکاٹ لینڈیارڈ کے پا س ثبوت ہیں کہ محسن علی سید اور محمد کاشف خان کامران نے 16 ستمبر 2010 کوڈاکٹر عمران فاروق کو edgware میں ان کے گھر کے سامنے قتل کر دیا تھا۔ یہ دونوں یہاں طالب علم کے طور پر مقیم تھے اور قتل کی شام لندن سے کولمبو کے راستے پاکستان روانہ ہوگئے تھے۔ ان دونوں مشتبہ قاتلوں کے ویزے کراچی کے تاجر معظم علی خان نے سپانسر کئے تھے۔کامن اینڈ ویلتھ آفس کے ترجمان نے خط بھیجے جانے کی تردید نہیں کی۔