غیور اختر کردار میں ڈوب کر اداکاری کرتے تھے: شوبز حلقے
لاہور (کلچرل رپورٹر) معروف اداکار غیور اختر کے انتقال پر شوبز کے حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جارہا ہے۔ اداکار منیر نادر نے کہا کہ غیور اختر بہت بڑے فنکار تھے۔ انہوں نے سٹیج پر بہت اچھا اور معیاری کام کیا۔ ان کا لکھا ہوا ڈرامہ ’’کت کتاریاں‘‘ بہت مقبول ہوا۔ اداکار راشد محمود نے کہا کہ غیور اختر نہ صرف اچھے فنکار تھے بلکہ اچھے انسان بھی تھے۔ اداکار عرفان کھوسٹ نے کہا کہ غیور اختر ایک بڑا فنکار تھا وہ جو کردار بھی کرتا، اس میں ڈوب جاتا۔ اس کی اداکاری حقیقت کے قریب تر تھی۔ ریڈیو پاکستان لاہور کے سٹیشن ڈائریکٹر رضا کاظمی نے کہا کہ غیور اختر ریڈیو پر کنٹریکٹ ملازم تھے انہوں نے ریڈیو پر بہت معیاری کام کیا۔ معروف اداکارہ اور رکن پنجاب اسمبلی کنول نعمان نے کہا کہ غیور اختر جیسے فنکار صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ ان کے انتقال سے شوبز کی دنیا ایک اچھے فنکار سے محروم ہوگئی ہے۔ پی ٹی وی لاہور مرکز کے جنرل مینجر ذوالفقار احمد ،ایگزیکٹو پروگرام مینجر بشارت خان، پروڈیوسرز اور سی بی اے اتحاد یونین کے سر پرست اعلیٰ جہانگیر خان نیغیوراخترکے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے الگ الگ پیغامات میں کہا کہ مر حوم ایک پائے کے فنکار صلہ رحم خوش مزاج خدا ترس انسان تھے ۔ پی ٹی وی ان کی خدمات کو تا دیر یاد رکھے گا۔انہوں نے دعا کی اللہ رب العزت انہیں اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فر مائے۔