67 واں کانز فلمی میلہ 14 مئی کو منعقد ہوگا
لاس اینجلس (اے پی پی) اس سال کانز فلمی میلے کا آغاز ہدایتکار اولیور ڈیہن کی فلم ’’گریس آف مناکو‘‘ سے ہوگا۔ 67 واں کانز فلمی میلہ 14 مئی کو منعقد ہوگا۔ فلم گریس آف مناکو میں مناکو کی شہزادی گریس کیلی کا کردار اداکارہ نیکول کٹرمین ادا کر رہی ہیں جبکہ اداکار ٹم روتھ شہزادہ رینیئر سوم آف مناکو کا کردار نبھا رہے ہیں۔ گریس کیلی اور رینیئر کی شادی 1956ء میں ہوئی تھی۔ اداکارہ گریس کی رینیئر سے ملاقات 1955ء میں کانز فلمی میلے میں امریکی وفد کی نمائندگی کرتے ہوئے ہوئی تھی، بعد میں شہزادہ رینیئر نے گریس کیلی کو اپنے محل پر مدعو کیا تھا۔ مناکو کے شاہی خاندان کے مطابق مذکورہ فلم میں گریس کیلی کی زندگی کے واقعات اور شاہی خاندان کو بے حد گلیمرائز کر کے دکھایا گیا ہے جس سے حقیقت کا تعلق نہیں ہے۔