کراچی: کباڑیے نے بھتہ خور کو قتل کردیا، کالعدم تنظیم کے 3 شدت پسند گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی میں بھتہ خوری نے شہریوں کے اعصاب چٹخا کر رکھ دئیے۔ بچوں کوجان سے مارنے کی دھمکی پر اورنگی ٹائون کا کباڑی اوسان کھو بیٹھا اور بغدے کے پے درپے وار کرکے بھتہ خور کی جان لینے کے بعد خون آلود بغدے کے ساتھ خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔ اورنگی ٹائون کے علاقے بلوچ گوٹھ میں کباڑی حیدر زمان حوالات پہنچ گیا۔ کباڑی حیدر زمان کچھ عرصہ قبل تک گودام کا مالک تھا لیکن بھتہ خور شکیل کے روز روز کے مطالبات نے اسے گودام سے محروم ہو کر ٹھیلے پر کباڑ کا سامان فروخت کرنے تک پہنچا دیا تھا۔ جمعہ کو بھی شکیل نے حیدرزمان سے دس ہزار روپے کا مطالبہ کیا اور رقم نہ دینے کی صورت میں اس کے بچوں کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تو حیدر زمان خود پر قابو نہ رکھ سکا اور بغدا اٹھا کر بھتہ خور شکیل پر حملہ کردیا۔ کراچی کے علاقے بلدیہ ٹائون میں عوامی نیشنل پارٹی کے علاقائی عہدیدار کے گھر کے باہر بم ناکارہ بنا دیا گیا۔ علاوہ ازیں کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز کی کارروائی، 2 مغوی بازیاب، 20 سے زائد افراد کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کر دی گئی، پولیس نے سعود سے 3ملزمان کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔ این این آئی کے مطابق رینجرز نے سہراب گوٹھ کے علاقے نعمان ٹاور میں ٹارگٹڈ آپریشن کر کے کالعدم تنظیم کے تین دہشت گردوں سمیت 8 افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی۔