• news

عالمی طاقتیں جان لیں افغانستان میں امن کیلئے پہلے مسئلہ کشمیر حل کرنا ہو گا: فضل الرحمان

مظفرآباد (ثناء نیوز) قومی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین اور جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل ا لرحمن نے کہاہے کہ امریکہ اور دیگر عالمی طاقتیں یہ با ت جان لیں کہ اگر افغانستان میں امن چاہتے ہیں توپہلے کشمیر کامسئلہ کاحل کرناہوگا۔ قومی کشمیر کمیٹی کاسب سے پہلاکام کشمیر کے بارے میں قومی پالیسی اور حکمت عملی مرتب کرنا ہے ،66 سال بیت چکے مسئلہ کشمیر اتار چڑھائو کاشکار رہا،بین الاقوامی پالیسیوں نے تحریک آزادی پر منفی اثرات مرتب کیے، جس کے تدارک کیلئے اپنا فرض بجا لانے کے لیے کوشش کررہے ہیں۔کشمیریوں سے یکجہتی ایک دن کے لیے نہیں پوری زندگی اور پورا سال ہونی چاہئے آزادکشمیر اور وفاقی حکومت مل بیٹھ کر کشمیر پراپنی سفارشات تیار کریں ہم بھرپور تعاون کریںگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے ٹیلی فونک خطاب کیا، جبکہ حریت کانفرنس (گ) کے راہنما شاخ آزادکشمیر غلام محمد صفی نے سید علی گیلانی کی جانب سے مولانا فضل الرحمن کی قیادت پر مکمل اعتماد کاپیغام اپنی تقریر میں سنایا۔ تقریب میں قائمقام صدر آزادکشمیر سردار غلام صادق ، قائد حزب اختلاف راجہ فاروق حیدر خان وفاقی وزیر اکرم خان درانی و دیگر نے بھی شرکت کی ۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ کشمیر کامسئلہ گزشتہ دس سال سے سردخانے میں پڑا ہواتھا مگر ہماری کوششوں سے وزیر خارجہ نے بڑے عرصے بعد جاندار اور دوٹوک موقف پیش کیا جبکہ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے اقوام متحدہ کے اجلاس میں کشمیر پر جاندار موقف پیش کرکے دنیاکوبتادیاکہ کشمیر عالمی مسئلہ ہے ۔ مولانا نے کہا ہماری خارجہ پالیسی کامحوراب انشاء اللہ کشمیر ہوگا، اقوام متحدہ اپنی قرارداروں پر عمل کروانے میں ناکام ہے ، مگر اچھی بات یہ ہے کہ بھارت کااقوام متحدہ میں کیس کمزور ہے وہ کشمیر کو اپنا جغرافیہ حصہ قراردیے رہاہے مگر دنیا کاکوئی ملک اسے تسلیم نہیں کررہا۔ اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اور کشمیر کی آرپار کی قیادت مولانا فضل الرحمن کی قیادت پر مکمل اعتماد کااظہار کرتی ہے۔ کشمیریوں نے پاکستان کے حق میں فیصلہ دیاہے ، اور وہ اپنا فیصلہ نہیںبدلیں گے۔
فضل الرحمن

ای پیپر-دی نیشن