• news

بلوچستان سے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے پیدل مارچ اوکاڑہ پہنچ گیا

اوکاڑہ (نامہ نگار) بلوچستان سے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے کوئٹہ سے اسلام آباد کیلئے پیدل مارچ کرتا خواتین، مردوں اور بچوں پر مشتمل قافلہ پیدل مسافت طے کرتے اوکاڑہ پہنچ گیا، قافلے کی قیادت وائس آف بلوچ مسنگ پرسنز کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ اور فرزانہ مجید بلوچ کر رہے ہیں۔ ماما قدیر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 18500 سے زائد بلوچ اس وقت لاپتہ ہیں جو کہ مختلف ایجنسیوں کے پاس ہیں ابھی کچھ دن قبل ہی بلوچستان سے قبریں ملی ہیں جن میں بلوچ نوجوانوں کی مسخ شدہ نعشیں دفن تھیں، ہمیں کراچی سے چلے ہوئے 60 دن ہو گئے ہیں، بلوچستان میں ہمیں فول پروف سکیورٹی دی گئی تھی مگر سندھ اور خاص طور پر پنجاب میں ہمیں کوئی سکیورٹی نہیںدی جا رہی۔ بعد ازاں ماما قدیر بلوچ کی قیادت میں 9عورتوں 5 مردوں اور 2 بچوں پر مشتمل یہ قافلہ اپنی اگلی منزل کی جانب روانہ ہو گیا۔

ای پیپر-دی نیشن