• news

پشاور: 2 نعشیں برآمد، ہنگو میں چیک پوسٹ پر حملہ، 6 راکٹ فائر

پشاور+ ہنگو (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) پشاور کے علاقے متھرا سے دو نعشیں ملی ہیں۔ پولیس کے مطابق نعشوں کی شناخت محمد زیب اور اسداللہ کے نام سے ہوئی۔ قتل کئے گئے افرد کا تعلق خیبر ایجنسی سے ہے جبکہ پشاور کے نواحی علاقے دورہ کوہاٹ روڈ پر واقع ایک گھر میں اچانک گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا جس کے باعث 5 خواتین اور 5 بچوں سمیت 11 افرد جھلس کر شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں تین ماہ کا بچہ بھی شامل ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال لایا گیا اور برن یونٹ میں منتقل کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں دانش آباد میں گھر کے باہر بارودی مواد کا دھماکہ ہوا جس کے باعث گھر کے مین گیٹ کو جزوی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری آپریشن کے دوران 5کلو بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ کاروائی کے دوران پولیس نے 3عدد ہینڈ گرینیڈ، 5عدد ڈیٹونیٹر اور 2کلو آئی ای ڈی بھی برآمد کر لئے۔ ادھر ہنگو میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔ سکیورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی جس سے حملہ آور فرار ہو گئے۔ حملہ آوروں نے چیک پوسٹ پر 6 راکٹ بھی فائر کئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں ایس پی کینٹ پشاور فیصل نے کہا ہے کہ حیات آباد میں دھماکہ نیٹو کنٹینر پر نصب بم سے کیا گیا۔ دھماکے سے کنٹینر کو جزوی نقصان پہنچا۔

ای پیپر-دی نیشن