گواہوں کی حفاظت سے متعلق درخواست پر اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو دوبارہ نوٹس جاری
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے دہشت گردی اور حساس مقدمات میں گواہوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے دائر درخواست پر اٹارنی جنرل آف پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹرجسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار صائم چودھری نے موقف اختیار کیا کہ گواہوں کے تحفظ کو یقینی بنائے بغیر انصاف کی فراہمی کے عمل کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا، دہشت گردی اور حساس مقدمات میں مارے جانے کے خوف اور دھمکیوں کی وجہ سے گواہ عدالتوں میں پیش ہونے سے کتراتے ہیں جو کہ لمحہ فکریہ ہے۔ ملک میں جاری دہشت گردی گواہوں کے تحفظ کو یقینی بنائے بغیر ختم نہیں کی جا سکتی۔ سرکاری وکیل نے عدالت سے جواب داخل کرنے کے لئے مزید مہلت کی استدعا کی۔ جس پر عدالت نے کیس کی سماعت20 فروری تک ملتوی کردی۔