سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کو بلٹ پروف گاڑی دینے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر
اسلام آباد (اے پی اے) اسلام آباد ہائیکورٹ میں حکومت کی طرف سے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو سکیورٹی اور بلٹ پروف گاڑی دینے کے عدالتی فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی گئی ہے۔ انٹرا کورٹ اپیل کابینہ ڈویژن اور وزارت قانون کی طرف ڈپٹی اٹارنی جنرل فضل الرحمان نیازی نے جمع کرائی۔ اپیل میں وزارت داخلہ، شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ، توفیق آصف ایڈووکیٹ، سید عظمت علی بخاری اور چاروں صوبوں کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے جسٹس افتخار چوہدری وزارت قانون اور کابینہ ڈویژن کے ملازم نہیں، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس تھے۔ وزارت داخلہ کی جاری کردہ سکیورٹی الرٹ کی فہرست میں صرف سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا نام نہیں باقی اہم شخصیات کے نام بھی شامل ہیں۔ صرف سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو بلٹ پروف گاڑی دینے سے امتیازی سلوک کی عکاسی ہو گی۔