• news

فلاحی منصوبوں کی کامیابی نے ق لیگ کو خوفزدہ کر دیا ہے: رانا ثناء

لاہور (خبرنگار+ خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ساری دنیا میٹروبس منصوبے کی افادیت کی معترف ہے‘ صرف ق لیگ کے رہنما ہی اس پر بلاجواز تنقید کرتے رہتے ہیں۔  ق لیگ کے رہنما پہلے لاہور میٹروبس منصوبے پر تنقید کرتے رہے لیکن اس منصوبے کی بے مثال کامیابی اور افادیت نے اب ان کے منہ بند کر دیئے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا  یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ ق لیگ کو عوامی فلاح و بہبود کے ہر منصوبے پر تکلیف کیوں ہوتی ہے؟ ق لیگ نے لاہور میٹروبس منصوبے پر بھی الزامات لگائے تھے لیکن اْسے پشیمانی کا سامنا کرنا پڑا تھا اور آئندہ بھی ق لیگ کو اسی شرمندگی کا سامنا ہو گا۔ میٹرو لاہور پر روزانہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد مسافروں کا سفر کرنا اس سروس کی افادیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ لاہور کے بعد راولپنڈی ‘ ملتان اور فیصل آباد میں بھی میٹروبس منصوبے عوام کو بہترین سفری سہولتیں فراہم کریں گے اور شفافیت اور تعمیر کا اعلیٰ شاہکار ہوں گے۔ پنجاب حکومت کی مثالی کارکردگی اور عوامی فلاحی منصوبوں کی کامیابی نے ق لیگ کو بْری طرح خوفزدہ کر دیا ہے‘ اسی لئے اس کے رہنمائوںنے پنجاب حکومت پر بلاجوازتنقید کو اپنا وطیرہ بنا لیا ہے۔ ق لیگ کے دور میں پنجاب میں لوٹ مار‘ کرپشن اور اقرباپروری کو فروغ دیا گیا۔ علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا ہے سری لنکن کرکٹ ٹیم پرحملے کا مقدمہ عدالت میں زیرسماعت ہے اور وہی اسکا فیصلہ کریگی، امریکی حکومت نے ملک اسحاق پر پابندی کے حوالے سے حکومت کو آگاہ نہیں کیا،  یہ تاثر غلط ہے کہ اعلیٰ شخصیات یا انکے خاندان کو خطرات کے باعث ڈاکٹر عثمان کو پھانسی کی سزا نہیں دی گئی، پنجاب میں نہ صرف دہشتگردوں کو پکڑا گیا ہے بلکہ عدالتوں نے انہیں سزائیں بھی دی ہیں، پاکستان ایک اسلامی جمہوری ریاست ہے اور اس سے بڑھ کر اورکونسا آئین ہو سکتا ہے ، پنجاب کی جن جیلوں میں دہشتگرد یا سنگین جرائم میں ملوث مجرمان قید ہیں انکی سکیورٹی فول پروف بنائی ہے جبکہ اس طرح کے مجرموںکیلئے ساہیوال میں الگ جیل زیرتعمیر ہے جوآنے والے چند ماہ میں مکمل ہو جائے گی اور اسکی سکیورٹی انتہائی فول پروف ہوگی۔ انہوںنے سزائے موت کے حوالے سے سوال کے جواب میںکہاکہ یہ وفاقی حکومت کامعاملہ ہے اور میں اس حوالے سے اندازے سے کوئی بات نہیں کرسکتا۔ دونوں جانب سے قائم مذاکراتی کمیٹیاں مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہیں او رمثبت نتائج سے اس ملک کوامن و چین نصیب ہوگا۔ میرے بیان سے کہیں بھی آگ نہیں لگی اور اگر ایسا ہوتا تو نظر آ جاتا۔ انہوں نے کہا کہ رحمن ملک کو پہلے بھی مستند جھوٹا کہتا تھا اور آج بھی اس پر قائم ہوں ، جنوبی پنجاب میں طالبان کا کوئی تربیتی کیمپ نہیں اور نہ ہی صوبہ میں کوئی نو گو ایریا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن