• news

اداروں کی نجکاری کیلئے مزدروں کی نعشوں سے گزرنا ہوگا: رضا ربانی

کراچی (این این آئی) پیپلز پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ اگر اداروں کی نجکاری کی گئی تو مزدروں کی نعشوں سے گزرنا ہوگا۔ بھٹو کے جیالے جیلوں سے نہیں ڈرتے انہیں جیلوں کی دھمکیاں مت دینا۔ مشترکہ مفادات کونسل کے بغیر کوئی فیصلہ قبول نہیں کریں گے۔ پیپلز لیبر بیورو کے مرکزی صدر چودھری منظور نے کہا کہ اگر نجکاری کے فیصلے کو واپس نہ لیا گیا تو تمام اداروں میں ہڑتال ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رضا ربانی نے کہا کہ موجودہ حکومت تمام اداروں کو ہڑپ کرنا چاہتی ہے۔ جن سرمایہ داروں نے ان کی انتخابی مہم چلائی تھی اب یہ ان کو بیک اپ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارے ہمارا قومی اثاثہ ہیں ان کی نجکاری سے ملکی سکیورٹی کا مسئلہ بھی پیدا ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق ہر 90 روز کے بعد مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانا لازمی ہے لیکن اب 250 روز گزرنے کے باوجود ابھی تک اجلاس نہیں بلایا گیا۔ چودھری منظور نے کہا کہ سٹیل مل، پی آئی اے، ریلوے قومی اثاثہ ہیں اگر یہ اداررے حکومت سے نہیں چلائے جاتے تو مزدوروں کو دے دیں اگر کوئی نقصان ہوا تو ہم ذمہ دار ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن