ملک میں غیرملکی سکیورٹی کمپنیوں کی سرگرمیاں‘ حقائق سامنے لائے جائیں: شیریں مزاری
اسلام آباد (اے این این) تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کو خط لکھ کر ملک میں غیرملکی سکیورٹی کمپنیوں کی سرگرمیوں اور ان کے نفوذ کے بارے میں حقائق سے متعلق استفسار کیا ہے۔ چودھری نثار کے نام خط میں تحریک انصاف کی رہنما نے کہا کہ پاکستانی معاونین کی مدد سے غیرملکی سکیورٹی کمپنیوں کا نفوذ روکنے کیلئے وزارت داخلہ کے اقدامات سے آگاہی چاہتے ہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ بتایا جائے کہ غیرملکی سکیورٹی اہلکاروں کی سفارتکاروں کے روپ میں‘ جیسا کہ امریکی سفارتخانے کی جانب سے متعدد مرتبہ ایسا کیا جا چکا ہے‘ پاکستان میں داخلہ روکنے کیلئے کیا حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی سکیورٹی کمپنیاں غیرملکی حکومتوں اور جاسوسی کے اداروں کیلئے کام کرنے میں مصروف رہی ہیں۔ چنانچہ بتایا جائے کہ مدت ملازمت پوری کرنے والے پاک فوج کے جوانوں اور افسروں کی ان غیرملکی سکیورٹی کمپنیوں میں بھرتیاں روکنے کیلئے کیا طریق کار اختیار کیا گیا ہے۔ اپنے مراسلے میں انٹر رسک اور ڈائن کور نامی سکیورٹی کمپنیوں کے مالک کیپٹن (ر) زیدی جوکہ مبینہ طورپر اسلحے سکینڈل میں ملوث رہا ہے کے خلاف اب تک کی کارروائی کے حوالے سے استفسار کرتے ہوئے تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ مذکورہ کمپنیوں کی جانب سے 2009ء میں جی ایچ کیو پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو خودکش جیکٹ کی فراہمی کی تحقیقات سے آگاہ کیا جائے۔