• news

گندم پیداوار مقابلے کیلئے درخواستیں 28 فروری تک وصول کی جائیں گی: ترجمان محکمہ زراعت

لاہور(نیوزرپورٹر) گندم پیداوار مقابلہ کے تحت صوبہ بھر میں 66ٹریکٹر،36لیزر لینڈ لیولر،36آٹو میٹک ویٹ تھریشر ، 136ویٹ ریپر، 136 سیڈ کم فرٹیلائزر ڈرل اور 136فرٹیلائزر براڈکاسٹر انعام میں دیئے جائیں گے۔ محکمہ زراعت پنجا ب کے ترجمان کے مطابق متعلقہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع)یا زراعت آفیسر (توسیع)کے دفاتر میں درخواستیں 28فروری 2014ء تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ صوبائی سطح پر گندم کی پیداوار میں پہلی پوزیشن پر آنے والے خوش نصیب کاشتکار کو 85ہارس پاور، دوسری پوزیشن کے لیے 75ہارس پاور اور تیسری پوزیشن کے لیے بھی 75ہارس پاور ٹریکٹر دیئے جائیں گے۔ ڈویژن کی سطح پر اول آنے پر 75ہارس پاور ، دو سری پوزیشن کے لیے 65ہارس پاور اور تیسری پوزیشن کے لیے 55ہارس پاورکے ٹریکٹرز دیے جائیں گے ۔ ضلع کی سطح پر پہلی پوزیشن کے لیے 55ہارس پاور کا ٹریکٹر ، دوسری پوزیشن کے لیے لیزر لینڈ لیولر یونٹ اور تیسری پوزیشن کے لیے آٹو میٹک ویٹ تھریشر انعام میں دی جا ئے گی ۔تحصیل کی سطح پر پہلی پوزیشن کے لیے ریپر ، دوسری پوزیشن کے لیے بیج اور کھاد والی ڈرل جبکہ تیسری پوزیشن کے لیے کھاد کا چھٹا کرنے والے فرٹیلائزر براڈ کاسٹر انعام میں دیئے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن