نہروں کی پختگی سے ٹیلوں تک رسائی ممکن ہو گی: یاور زمان
لاہور(نیوزرپورٹر)صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے کہا کہ نہروں کی پختگی و بحالی کے منصوبوں سے پانی کی بچت ہونے کے ساتھ ساتھ ٹیلوں تک رسائی بھی ممکن ہوگی ۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں ضلع اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے کسانوں کے چھ رکنی وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت کسانوں میں نہری پانی کی مساویانہ تقسیم یقینی بنانے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کا نہری نظام سو سال سے کسان برادری کی خدمت کر رہا ہے لیکن اس وقت اس کی تعمیر نو وبحالی کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اوکاڑہ، ساہیوال اور خانیوال کے اضلاع میں موجود نہری نظام کی اصلاح اور لائننگ کے لئے ایشیائی ترقیاتی ادارہ کے تعاون سے لوئر باری دوآب کینال امپرومنٹ پراجیکٹ شروع کر رکھا ہے جس کے تحت راجباہوں ، مین کینال اوربلّوکی بیراج کی مرمت و بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔