پاکستان امارات کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے : اسحاق ڈار
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور اس کے ساتھ تعاون کو تمام شعبوں میں وسعت دینے کا خواہاں ہے، حکومت پاکستان نے معاسی ترقی کی رفتار بڑھانے کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھرپور مواقع اور مراعات کی پیشکش کی ہے، توقع ہے کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک کی ٹیلی کام کمپنیاں پاکستان میں سپیکٹرم لائسنس کی نیلامی میں حصہ لیں گی۔ وہ ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے ثقافت، امور نوجوانان و سماجی ترقی شیخ نہیان بن مبارک النہیان سے ملاقات میں بات چیت کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی صحت سے متعلق دریافت کیا اور وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ان کیلئے نیک تمنائوں کا پیغام دیا۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے قریبی اور دیرینہ تعلقات ہیں جو مشترکہ تاریخ، ثقافت، ورثہ پر قائم ہیں، پاکستان کی قیادت اور عوام متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتے ہیں اور تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا چاہتے ہیں۔