رینالہ خورد: لاپتہ افراد لواحقین کے قافلے کو ٹرک کی ٹکر، بلوچ نیشنل فرنٹ کا آج ہڑتال کا اعلان
اوکاڑہ +رینالہ خورد (نامہ نگا ر+ نمائندہ خصوصی) کوئٹہ سے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے پیدل اسلام آباد جانیوالے قافلے کے شرکاء کو رینالہ کے قریب ٹرک نے ٹکر مار دی جس کے باعث خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔ قافلہ رینالہ آ رہا تھا اڈہ کسان کے قریب پیچھے سے آنیوالا ٹرک نے ٹکر مار دی۔ خاتون زرینہ، عرفان اور محمد حسین شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچایا گیا اور مرہم پٹی کی گئی۔ پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرتے ہوئے قبضہ میں لے لیا اور زخمیوںکو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ قافلے کے امیر قدیر خاں نے میڈیا سے گفتگو میں الزام لگایا پنجاب حکومت ہمیں تنگ کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔ یہ حادثہ بھی انہی کی کارستانی ہے۔ قدیر خاں نے کہا عرصہ پانچ سال سے سینکڑوں بلوچ لاپتہ ہو چکے ہیں انہیں بازیاب کرانے میں حکومت ناکام ہو چکی ہے، ہم بلوچوں کی نسل کشی کی مہم کو ختم کر کے رہیں گے۔ کوئٹہ سے آئی این پی کے مطابق بلوچ نیشنل فرنٹ نے اوکاڑہ میں وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے پرامن لانگ مارچ کے شرکاء پر پاکستانی خفیہ اداروں کے ایماء پر حملہ کی مذمت کرتے ہوئے آج پورے صوبے میں پہیہ جام اور شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ ہفتہ کو اپنے بیان میں ترجمان نے اسے ایک انتہائی بزدلانہ فعل قرار دیتے ہوئے کہا لانگ مارچ جیسے جیسے اپنے منزل کے قریب پہنچ رہی ہے پاکستانی خفیہ ادارے حواس باختگی اور سراسیمگی کا شکار ہو رہے ہیں، مارچ میں شریک بلوچ خواتین اور بزرگوں کو ٹرک سے کچلنے کی کوشش ظاہرکرتی ہے بعض لوگ کتنے خوف زدہ ہیں۔