ملک میں شریعت نافذ ہے: خورشید شاہ عابد شیر علی کو الزامات زیب نہیں دیتے‘ وزیراعظم نوٹس لیں
سکھر (اے این این) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات شریعت پر نہیں آئین اور قانون کے مطابق ہو رہے ہیں‘ مذاکرات میں پارلیمنٹرینز کو شامل نہ کرنا درست فیصلہ ہے‘ ملک میں پہلے ہی قرآن و سنت کا نظام نافذ ہے۔ سکھر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طالبان شریعت کے نفاذ کی بات کرتے ہیں لیکن پاکستان میں پہلے ہی قرآن و سنت کا نظام قائم ہے۔ طالبان کے ساتھ بات چیت آئین و قانون کے مطابق ہو رہی ہے شریعت کے مطابق نہیں۔ مزیدبرآں عمران خان کی مذاکرات میں شمولیت سے اچھی پیشرفت ہونا تھی‘ نہ جانے عمران خان مذاکرات سے کیوں پیچھے ہٹ گئے۔ مسلم لیگ (ن) اپنے وعدوں پر عمل کرے۔ عابد شیر علی کو الزامات زیب نہیں دیتے۔ کیا فیصل آباد میں جرائم کی ذمہ داری وزراء پر ڈالی جائے۔ وزیراعظم نوازشریف وزیر مملکت کے بیان کا نوٹس لیں۔ قومی اداروں کو خسارے کا جواز بنا کر نجکاری نہ کی جائے۔ سندھ میں نئی حلقہ بندیوں کے بعد بلدیاتی انتخابات کرائیں گے۔