• news

آئین نفاذ شریعت کا بڑا حامی ہے ‘ طالبان کو اس کے تحت مذاکرات پر قائل کر لیں گے: مولانا یوسف

اسلام آباد (این این آئی+ آن لائن) طالبان مذاکراتی ٹیم کے رابطہ کار مولانا محمد یوسف شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا 1973ء میں متفقہ طور پر منظور شدہ آئین ملک میں شریعت کے نفاذ کا سب سے بڑا حامی ہے۔ اس لئے ہم کوشش کریں گے کہ طالبان قیادت کو یہ بات سمجھائیں کہ شریعت کے نفاذ کی بات ہی پاکستانی متفقہ آئین کی بنیاد ہے۔ صحافیوں سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چند روز تک تحریک طالبان پاکستان کو آئین پاکستان کے تحت مذاکرات پر قائل کرلیں گے۔ انہوں نے ایک بار پھر اس بات کو دہرایا کہ طالبان دراصل آئین کو اس کی اصل روح کے مطابق نافذ کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں جو دراصل شریعت کا نفاذ ہی ہے۔ شریعت کے الفاظ سے بعض اسلام اور ملک دشمن لوگوںکو چڑ ہے جو مغربی ممالک کے ڈالروں اور پاؤنڈ کیلئے اسی مطالبے کو اپنے مقاصد کیلئے متنازعہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ طالبان کو الفاظ کے گورکھ دھندے میں الجھنے سے بچنے کی ترغیب دیں گے، انہیں قائل کریں گے۔ اس لئے آئین پاکستان کے تحت ہی مذاکرات کو تسلیم کرتے ہوئے آگے بڑھیں۔ جو لوگ بھی شریعت کا نفاذ نہ کرنے کی بات کررہے ہیں وہی آئین کے مخالف ہیں حکومت جس طرح آپریشن کا مطالبہ کرنے والے لوگ طالبان پر آئین کی مخالفت کا الزام لگاتے رہے ہیں اسی طرح ٹی وی شوز اور عوامی سطح پر نفاذ شریعت کے مطالبہ کی مخالفت کرنے والے آئین کی کھلم کھلا مخالفت کررہے ہیں۔ حکومت ایسے لوگوں پر آئین کی منافی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے تحت کارروائی کریں۔ مولانا محمد یوسف شاہ  نے کہاکہ حکومتی اور طالبان  کمیٹی کی طالبان سے ملاقات کی پوزیشن  دو روز  میں  واضح  ہو جائیگی۔ مولانا  عبدالعزیز   طالبان  مذاکراتی  کمیٹی کے  رکن ہیں اور رہیں گے۔ طالبان کی مذاکراتی  کمیٹی بااختیار   ہے آئندہ چند روز میں طالبان کے ساتھ ملاقات کی صورتحال واضح   ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ   مولانا سمیع الحق  کا مولانا عبدالعزیز سے رابطہ ہوا ہے   وہ طالبان  مذاکراتی  کمیٹی  کے رکن ہیں   اور  رکن  کے طور پر کام  کرتے رہیں گے   طالبان سے ملاقات کیلئے  کوئی نئی ڈیمانڈ  نہیں  دی گئی ڈیمانڈ  ہوئی تو حکومت سے کہیں گے   طالبان کا موقف   آنے کے بعد   حکومتی کمیٹی  کو  آگاہ کردینگے ۔ذرائع کے مطابق جے یو آئی کے امیر مولانا سمیع الحق  نے مولانا عبدالعزیز سے بات چیت اور انہیں کمیٹی کے ساتھ کام جاری رکھنے کیلئے کہا۔ مولانا  یوسف شاہ نے مولانا سمیع الحق‘ مولانا عبدالعزیز کے ساتھ رابطہ کی تصدیق کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ مولانا عبدالعزیز کمیٹی کے رکن کے طورپر کام کرتے رہیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن