کشمیری قیادت نے کنٹرول لائن پر دیوار بنانے کا بھارتی منصوبہ مسترد کر دیا
مظفر آباد (سلیم پروانہ سے) آزاد کشمیر کی سیاسی‘ دینی ‘عسکری قیادت تاجروں‘ وکلائ‘ سول سوائٹی سمیت دیگر طبقات نے بھارتی حکومت کی جانب سے کنٹرول لائن پر دیواربرلن کی طرز پر179 کلومیٹر لمبی اور 10 میٹر بلند اور 135 فٹ چوڑی دیوار کرنے کے منصوبہ کو مسترد کرتے ہوئے اسکو تقسیم کشمیر کی سازش قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ریاست جموں و کشمیر متنازعہ ریاست ہے اسکی قسمت کا فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق ہونا باقی ہے۔ دور دیواریں بنانے کا نہیں گرانے کا ہے۔کشمیری نہ کسی دیوار کو تعمیر ہونے دیں گے اور نہ ہی انکا جذبہ حریت سرد ہو گا۔ ’’نوائے وقت‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے قائمقام صدر سردار غلام صادق خان نے کہا کہ دیوار برلن بھی ایک خاص سوچ و منصوبہ کے تحت تعمیر کی گئی تھی یہ دیوار اگر تعمیر کی گئی تو کشمیری اسے قائم نہیں رہنے دیں گے۔ کوئی دیوار کشمیریوں کو جدا نہیں کرسکتی ہے۔ بھارت یہ بھول جائے کہ وہ کشمیریوں کا جذبہ آزادی سرد کر سکتا ہے ایک وقت آئے گا جب بھارت بے بس ہو کر مقبوضہ کشمیر خالی کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ امن سے مسئلہ کشمیر کا حل خطہ کے مفاد میں ہے اس کے لئے بھارت کو ہٹ دھرمی کی پالیسی ترک کرنا ہو گی۔ آزادکشمیر کے سابق صدر میجر جنرل (ر) سردار محمد انور خان نے کہا کہ کشمیری کسی صورت سیز فائر لائن پر دیوار نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کو جرات مندانہ مؤقف اختیار کرنا چاہئے اور افواج پاکستان کو فائر کر کے مقبوضہ کشمیر کی سائیڈ سے دیوار کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا کرنی چاہئے۔ آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ معاملہ پر حکومت پاکستان کی خاموشی مجرمانہ غفلت کے زمرے میں آتی ہے۔ محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی حکومتیں تقسیم کشمیر کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں۔ مسئلہ کشمیر کو وقت گزارنے‘ انتخابی قواعد اور جان چھڑانے کے نکتہ نظر سے دیکھنے کے بجائے بہتر ہوگا کہ اسکو حقیقی تناظر میں سیاسی اور مذاکراتی حل کی جانب لے جایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی جبری تقسیم کا کوئی فارمولہ کامیاب نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو مزید دیوار کے ساتھ لگانے کا مطلب انہیں اس بات کی دعوت دینا ہے کہ وہ ایک نئی تیاری کے ساتھ آگے بڑھیں اور دیوار کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں۔ متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین پیر صلاح الدین نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور سیاسی قیادت کو بھارتی منصوبہ پر سخت احتجاج کرنیکے ساتھ عملی اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ ریاست جموں و کشمیر متنازعہ علاقہ ہے یہاں دیوار تعمیر کرنے کا بھارت کو کوئی حق حاصل نہیں۔ بھارتی ریاست کو دولخت کر کے اپنے فوجی قبضہ کو مستحکم کرنے کی سازشیں کر رہا ہے۔ بھارت کے اس منصوبہ کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ آزاد کشمیر ہائی کورٹ کے سابق چیف چسٹس اور جموں و کشمیر لبریشن لیگ کے صدر جسٹس (ر) ملک عبدالمجید نے کہا کہ بھارت ابتدا سے ہی مکاری اور فریب پر گامزن ہے۔ بھارت جابرانہ قبضہ کو مضبوط کرنے کی سازش میں ملوث ہے۔ ملک عبدالمجید نے کہاکہ بھارت دنیا کی آزادی کی تحریکوں کے نتائج سے چشم پوشی کر رہا ہے۔ بھارت اپنی توجہ منفی سرگرمیوں کے بجائے کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے پر صرف کرے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر شیخ عقیل الرحمنٰ نے کہاکہ کہ وفاقی حکومت کو صورتحال کے پیش نظر بلاتاخیر جاندار کردار ادا کر کے دیوار کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا کرنی چاہئے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر ڈاکٹر راجہ محمد عارف خان نے کہا کہ پاکستان میں میاں نواز شریف کی موجودگی میں نہ تو تقسیم کشمیر کی کوئی سازش کامیاب ہوسکتی ہے اور نہ ہی کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں جائیں گی۔ بھارت اور عالمی برادری کو کشمیریوں کی رائے کا احترام کرنا ہو گا۔ جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری زاہد اکرم خان ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے کہا کہ وہ زمانہ گزر گیا جب دیواریں آزادی کے راستہ میں رکاوٹ ہوا کرتی تھیں بھارت متنازعہ علاقہ میں دیوار تعمیر کرنے کامجاز نہیں ہے۔ جماعت الدعوۃ آزاد کشمیر کے امیر مولانا عبدالعزیز علوی نے کہا کہ دیوار کا منصوبہ ریاست جوں و کشمیر کی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی سازش ہے۔ سول سوسائٹی مظفرآباد عوامی اتحاد آزادکشمیر کے قائدین سلیم اختر‘ ممتاز خان‘ اختر حسین‘ پی اے قمر‘ مرزا مظفر بیگ اور دیگر ارکان نے قراردیا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں‘ یو این او کے مبصرین بھارت کے امن کو تباہ کرنے کی پالیسی کا نوٹس لیں۔ انجمن تاجران کے صدر شوکت نواز میر نے کہا کہ بھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے۔ آزادی کشمیریوں کا مقدر ہے۔ سنٹرل بار ایسوسی ایشن کے صدر انجم نثار میر ایڈووکیٹ نے کہا کہ وکلاء بھارتی سازش سے دنیا کو آگاہ کریں گے۔ بھارتی منصوبہ کو ناکام بنا دیں گے۔ مہاجرین کے نمائندوں ماسٹر محمد یوسف بٹ‘ راجہ اظہار خان‘ ریفوجی یوتھ کے رہنماؤں صدیق داؤد‘ گلشاد بٹ‘ محفوظ انقلابی نے کہا کہ آزادی کیلئے نہ پہلے کسی قربان سے دریغ کیا ہے نہ آئندہ کریں گے۔ گزیٹڈ آفیسرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں شیخ نثار احمد‘ بشیر ڈار‘ خالد محمود زرگر نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے حوصلے ہمالیہ سے بلند ہیں۔ آزادی انکا مقدر ہے کوئی دیوار آزادی کا راستہ روک سکی ہے نہ روک سکے گی۔