عراقی ایئر چیف کا دورئہ لاہور، پاکستان کی تربیتی جیٹ طیاروں کی فراہمی کی پیشکش
لاہور/ اسلام آباد (آئی این پی + این این آئی) عراق کے ایئر چیف لیفٹیننٹ جنرل انور حمید 12 رکنی وفد کے ہمراہ خصوصی طیارے سے لاہور پہنچ گئے۔ وفد کا لاہور کے پرانے ایئر پورٹ پہنچنے پر اعلیٰ حکام نے استقبال کیا۔ پاکستان نے عراقی پائلٹوں کو تربیتی جیٹ طیارے اور تربیت کی سہولیات فراہم کرنے کی پیشکش کر دی۔عراقی فضائیہ کے کمانڈر جنرل انور حماد امین احمد کی سربراہی میں وفد نے دفاعی پیداوار کے وزیررانا تنویرحسین سے ملاقات کی۔ رانا تنویر حسین نے کہا پاکستان کی دفاعی پیداوار کی صنعت میں مکمل صلاحیت موجود ہے اور وہ عراق کو تربیتی سہولیات اور ہتھیاروں کی فراہمی میں تعاون فراہم کرسکتا ہے۔ عراقی وفد کے سربراہ نے پاکستان کے فضائی دفاعی نظام میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور کہا عراق اپنے فضائی دفاعی نظام کی تیاری اور تربیتی منصوبوں کیلئے طیاروں کے حصول کا خواہاں ہے۔