• news

سنی تحریک کا دہشت گردوں کو اسلامی قوانین کے مطابق سزا دینے کا مطالبہ

لاہور (سپیشل رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے دہشت گردوں کو اسلامی قوانین کے مطابق سزا دینے کا مطالبہ کردیا۔ 50 ہزار سے زائد شہداء کے خون کا حساب لینا حکومت پر شرعی قرض ہے۔ حکمران قاتلوں کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے آئین پاکستان کے قصاص اور دیت جیسے شرعی قوانین کے مطابق کیفر کردار تک پہنچائیں۔ نام نہاد تحریک طالبان کی جانب سے قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ شریعت کے منافی ہے۔ ہزاروں لوگوں کے قاتلوں کو رہا کیا گیا تو دہشت گردی کی آگ مزید بھڑکے گی جو لوگ آئین سے ہٹ کر طالبان سے مذاکرات کا مطالبہ کر رہے ہیں وہ آئین کے باغی ہیں۔ ایسے لوگوں کیخلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت بغاوت کا مقدمہ چلایا جائے۔ اگر طالبان دہشت گردی کے واقعات کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکاری ہیں تو قوم کو بتایا جائے کہ مذاکرات کس سے کئے جا رہے ہیں؟ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر علماء بورڈ کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حکومت نے مذاکراتی ڈرامے کے ذریعے امن کو نہیں بلکہ دہشت گردی کو پنپنے کا ایک موقع دیا ہے۔ اگر انصاف قائم نہ کیا گیا تو امن پسند بھی ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہوں گے ا ور اسکی تمام تر ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن