ماتحت عدالتوں میں انصاف مشکل ترین، عوام کا اعتماد ختم ہوتا جا رہا ہے: سعیدالزمان
کراچی (این این آئی) سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس سعیدالزمان صدیقی نے کہا ہے کہ ماتحت عدالتوں میں انصاف مشکل سے مشکل اور عوام کا ان پر اعتماد ختم ہوتا جارہا ہے، عدلیہ کی حالت بہتر بنانا اور ججوں کی تنخواہوں میں مناسب اضافہ وقت کی ضرورت ہے۔ وہ گزشتہ روز سندھ مسلم لا کالج میں پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش کے دساتیر کا تقابلی مطالعہ کے عنوان سے لکھی گئی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کر رہے تھے۔ جسٹس (ر) سعید الزمان صدیقی نے کہا کہ ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ نے عدلیہ بحالی کے بعد ایسے فیصلے دیئے کہ ان کے داغ دھل گئے۔ لیکن ماتحت عدالتوں میں انصاف مشکل سے مشکل ہوتا جارہا ہے اور لوگ اس نظام پراپنا اعتماد کھو رہے ہیں۔ عام آدمی کا مسئلہ سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ میں نہیں بلکہ ماتحت عدالتوں میں ہوتا ہے اس لئے اعلیٰ عدلیہ کو اب ماتحت عدلیہ کے حالات بہتر بنانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ججوں کی تنخواہوں پر ازسرنو غور کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اچھے خاندانوں کے لوگ عدلیہ میں شمولیت کی طرف راغب ہوں۔